نارنگ منڈی کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس کا انجن اور ایک بوگی پٹری سے اتر گئی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،متعددمسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، چار گھنٹے تک سیکشنوں پرٹرینوں کی آمدورفت بندہونے سے مسافروں کوشدیدپریشانی کا سامنا کرنا پڑا

منگل 23 فروری 2016 20:03

نارنگ منڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری۔2016ء) نارنگ منڈی کے قریب کراچی سے براستہ نارووال سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کا انجن اور ایک بوگی پٹری سے اتر گئی، حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم متعددمسافروں کو معمولی چوٹیں اور خراشیںآ ئیں، چار گھنٹے تک گوجرانوالہ راولپنڈی فیصل آباد جڑانوالہ اور نارووال سیکشنوں پرٹرینوں کی آمدورفت بندہوجانے سے ہزاروں مسافروں کوشدیدپریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔

بتایاجاتاہے کہ علامہ اقبال ایکسپریس 11.50بجے دوپہرجب شاہدرہ سے روانہ ہوئی توشاہدرہ کے اندرون سگنل پر کانٹابریسٹ ہوجانے کے باعث زورداردھماکہ سے انجن پٹری سے اترگیا جبکہ ریلوے حکام نے صرف آٹھ کلومیٹرکی دوری کے باوجودلاہور سے دو گھنٹے بعد ریلیف ٹرین شاہدرہ کوروانہ کی اورپونے چاربچے مسافرٹرینوں کی آمدورفت بحال ہوسکی ۔

(جاری ہے)

حادثے میں ٹرین کے مسافر معجزانہ طورپر محفوظ رہے تاہم متعددمسافروں کو معمولی چوٹیں اور خراشیںآ ئیں۔

اس دوران مسافر انتظارکی سولی پرلٹکے رہے ،ڈیلی پسنجرایسوسی ایشن ریلو ے پاکستان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاہے کہ لاہورنارووال سیالکوٹ سیکشنوں کا ٹریک انتہائی بوسیدہ اور خستہ حال ہوچکاہے ۔ریلوے پولیس اورگینگ مینوں کی مجرمانہ غفلت کے باعث مذکورہ سیکشن پر دولاکھ سے زیادہ نٹ بولٹ پراسرارطورپرغائب ہو چکے ہیں جبکہ ریلوے حکام کی عدم توجہی کے باعث ٹریک خطرناک صورتحال اختیارکرچکاہے اورکسی وقت بھی خوفناک حادثہ رونماہوسکتاہے ریلوے نے مذکورہ سیکشن پر ٹریک کی حالت بہتربنانے کی بجائے ٹرینوں کی رفتارمیں یکدم کمی کرکے 20کلومیٹرفی گھنٹہ کردی ہے ۔واضح رہے کہ مذکورہ سیکشن پردوسرے سیکشنوں کی طرح ٹریک کوویلڈنہیں کیاگیاصرف نٹ بولٹ کے سہارے ٹریک چل رہاہے۔

متعلقہ عنوان :