لاہورسے اسلام آباد تک موٹروے کومکمل طورپربحال کیاجارہا ہے ٗشیخ آفتاب

حکومت پسماندہ علاقوں کو ملک کے دوسرے ترقی یافتہ حصوں کے برابر لانے کیلئے کام کر رہی ہے ٗ اسمبلی میں اظہار خیال حکومت پسماندہ علاقوں کو ملک کے دوسرے ترقی یافتہ حصوں کے برابر لانے کیلئے کام کر رہی ہے ٗوزیرمملکت شہری ہوابازی کے ادارے کے ساتھ مشاورت سے بلوچستان کے مختلف ہوائی اڈوں سے پروازیں شروع کرنے پر غور کیا جائے ٗقرارداد

منگل 23 فروری 2016 18:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن لاہور سے اسلام آباد تک موٹر وے بناؤ ، چلاؤ اور منتقل کرو کی بنیاد پر مکمل طور پر بحال کررہی ہے۔یہ بات پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بحالی کے کام کے دوران بعض مقامات پرموٹروے کی باڑ کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ کہ جونہی موٹر وے بحال ہو تی ہے نئی باڑ لگا دی جائے گی۔ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم کے تصور کے مطابق حکومت پسماندہ علاقوں کو ملک کے دوسرے ترقی یافتہ حصوں کے برابر لانے کیلئے کام کر رہی ہے۔ایوان نے ملک میں بڑھتی ہوئی آلودگی سے پیدا ہونے والے مسائل سے متعلق تحریک پر بحث کی بحث میں حصہ لیتے ہوئے ارکان نے کہا کہ آلودگی میں اضافہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جو متعدد امراض کا سبب ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی میں تین بل پیش کئے گئے۔ ایوان نے ایک قراردادمنظورکی جس میں نئی سبزی منڈی سیالکوٹ میں نادرارجسٹریشن مرکز قائم کرنے کیلئے اقدامات پرزوردیا گیا ہے۔داخلہ کی پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگ زیب نے ایوان کو بتایا کہ علاقے میں موبائل گاڑیوں کے ذریعے اندراج کیا جا رہا ہے۔ایوان میں ایک اور قرارداد اتفاق رائے سے منظور کی گئی جس میں پی آئی اے سے مطالبہ کیا گیا کہ شہری ہوابازی کے ادارے کے ساتھ مشاورت سے بلوچستان کے مختلف ہوائی اڈوں سے پروازیں شروع کرنے پر غور کرے۔ایوان کا اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔