پاکستان کا مستقبل تابناک ، دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،حمزہ شہباز

کراچی کے عوام پر امید ہیں کہ بہت جلد کراچی میں امن اور روشنیاں لوٹ آئیں گی،نظریہ پاکستان کانفرنس کے شرکاء سے خطاب

منگل 23 فروری 2016 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے دہشت گردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اب ہم نے پاکستان کو کامیاب کرانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمراء ہال میں منعقدہ نظریہ پاکستان کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت مختلف مقررین نے خطاب کیا حمزہ شہباز نے کہا کہ جو پاکستان سے محبت کرتا ہے وہی پاکستانی ہے اب ہمیں قوم کی حیثیت سے اہم فیصلے کرنے ہیں۔ انہیں نے کہا کہ جمہوری حکومت میں کام کرنے کا جو سلسلہ چل نکلا ہے وہی جمہوریت کا حسن ہے ہندوستان یا کسی بھی ترقی یافتہ ملک میں وہاں کے عوام کام نہ کرنے والوں کو چلتا کردیتے ہیں۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ آج ہمیں یہ فیصلہ کرلینا چاہیے کہ ہم نے بہترین سیاستدان ، وکیل اور ڈاکٹر بننے کے لیے دوسروں کے ساتھ دوڑ لگانے کی بجائے اپنے ساتھ دوڑ لگانی ہوگئی ہمیں سب سے پہلے اچھا انسان بننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی قربانیاں دی ہیں کہ اس کاثمر آج کراچی میں امن کی شکل میں مل رہا ہے آج کراچی میں امن ہے۔

دہشت گردی میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام پر امید ہیں کہ بہت جلد کراچی میں امن اور روشنیاں لوٹ آئیں گی ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری و ساری رہنی ہے اور یہ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک سے دہشت گردی کا کیسزہمیشہ کے لئے ختم نہیں کردیتے پاکستان میں دھرنے کی سیاست آپ سب جانتے ہیں انہوں نے کہا کہ انہیں خدشہ تھا کہ کہیں سی پیک منصوبہ بھی کالا باغ ڈیم کی طرح سیاستدانوں کے باہمی اختلافات کی نظر نہ ہوجائے لیکن وزیراعظم نے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو ایک میز پر بیٹھا یا اور انہیں اس منصوبے بارے اعتماد میں لیا اور جس پر تمام سیاستدانوں نے اس منصوبے پر اتفاق کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین لاہور کے عوام کے لئے تحفہ ہے پونے دو ارب ڈالر کے اس منصوبے کے تخمینہ میں کمی کرائی گئی جو ایک بہترین کاوش ہے۔