دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی مسائل کے حل کے لئے ہمارا عزم ہمالیہ کی چوٹیوں سے بلند ہے ،حمزہ شہباز

منگل 23 فروری 2016 16:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور قومی مسائل کے حل کے لئے ہمارا عزم ہمالیہ کی چوٹیو ں سے بلند تر ہے -موجودہ قیادت نیک نیتی کے ساتھ آگے بڑ ھ رہی ہے جس میں اللہ تعالی کی مدد بھی شامل حال ہو رہی ہے-انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے قومی ترقی کے اہم منصوبوں کے خلاف بھانت بھانت کی بولیاں بولی جا رہی ہیں جن کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں -ملک میں کرپشن میں ہونے والی کمی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیاہے اور پاکستان کی رینکنگ پہلے سے بہتر ہوئی ہے -حمزہ شہباز نے آج یہاں نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت قوم اہم فیصلے کرنے کا وقت آ گیا ہے اور مستقل بنیادوں پر بہتری لانے کے لئے جمہوریت اور پالیسیوں کا تسلسل انتہائی اہمیت کا حامل ہے -عزت کرسیوں میں نہیں لوگوں کے دلوں میں ہوتی ہے -وطن عزیز کا مستقبل تابناک ہے اور ہمیں ایک دوسرے کی کوتاہیوں کو نظر انداز کر کے آگے بڑھنا ہو گا -حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثر حکمت عملی اور دہشت گردی کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات کے باعث کراچی میں امن کی روشنیاں واپس لوٹ رہی ہیں -وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اقتصادی راہداری پر تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر جس عظیم ویژن کا ثبوت دیا ہے اس کے باعث یہ منصوبہ کالا باغ ڈیم کی طرح اختلافات کا شکار نہیں ہو گا -حمزہ شہباز نے کہا کہ کچھ لوگ اورنج لائن ٹرین ،اقتصادی راہداری اور پاور سیکٹر میں جاری منصوبوں پر بجا تنقید کر کے اپنے اپنے کو مطمئن کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ فیصلہ کرنا عوام کا کام ہے کہ کس نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا -انہو ں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق خوشحال پاکستان بنانے کے لئے اقتصادی راہداری ،ایل این جی ،بجلی کے دیگر منصوبے مکمل کر کے انشاء اللہ 2018تک لوڈ شیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کر دیں گے -انہوں نے کہا کہ موجود قومی قیادت نے پہاڑ جیسے مسائل کو نیک نیتی سے حل کرنے کا بیڑا اٹھایا تو عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان میں بھی عوام کو ریلیف ملا ،ہمارے ذخائر میں اضافہ ہوا اور آنے والے دنو ں میں انشاء اللہ مزید اچھی خبریں آئیں گی اورٹانگیں کھینچنے والے ٹانگیں کھینچتے ہی رہ جائیں گے -حمزہ شہباز نے نوجوان نسل سے کہا کہ وہ کسی بھی شعبے میں کامیاب ہونے سے پہلے خود کو کامیاب انسان بنائیں - سابق صدر محمد رفیق تارڑ نے کانفرنس کی صدارت کی جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،پروفیسر رفیق احمد ،افتخار علی ملک ،نعیم حسین چھٹہ نے بھی خطاب کیا-شاہد رشید نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو شہباز پاکستان اور حمزہ شہباز کو شاہین پاکستان کا خطاب دیا-سکولوں کی طالبات نے ملی نغمے پیش کئے -

متعلقہ عنوان :