70سالوں سے مسلط پارٹیوں کو آزمایا جا چکا ، اب تبدیلی کی ضرورت ہے ،عوام ساتھ دیں ، 25فروری کو سراج الحق کا فقید المثال استقبال کیا جائیگا

منگل 23 فروری 2016 15:24

چکسواری( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اہل میر پور نے دو مرتبہ اپنے اباؤ اجداد کی قبریں ڈبوئیں اور آج خود بجلی اور پانی سے محروم ہیں ، 25فروری کو سراج الحق کا فقید المثال استقبال کریں ، 70سالوں سے مسلط پارٹیوں کو آزمایا جا چکا ہے ، اب تبدیلی کی ضرورت ہے ، جماعت اسلامی پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتری ہے عوام تبدیلی کے لیے ہمارا ساتھ دیں ، سراج الحق ، قاضی حسین احمد مرحوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کی حقیقی پشتی بانی کر رہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری سعوداقبال ، چوہدری خادم حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر امیدوار حلقہ چکسواری چوہدری سعود اقبال نے کہا کہ سراج الحق کا ایسا استقبال کریں گے جوآزاد کشمیر کی تاریخ میں نہیں ہوا ہوگا ہر فرد تک دعوت پہنچائی ہے ، غریب کے مسائل غریب ہی سمجھ سکتا ہے حلقے میں اور یتیم پکار رہے ہیں نوکری کے لیے 25تاریخ کے بعد حلقے میں ظالموں کا پیچھا کروں گا۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نظام کی تبدیلی اور کشمیر کی آزادی کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کر رہی ہے کشمیریوں نے لاکھوں شہداء پیش کیے ہیں ، بیس کیمپ کی جماعت بھی مہاجرین کے مسائل کا حل کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کی ہے ، بیس کیمپ کا مطلوبہ کردار ادا نہیں ہو سکا ۔

حکمران عوام کے مسائل حل کرنے اور کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں لبریشن سیل کو لوٹ سیل بنا لیا ہے ، مشیروں کو نوازا جا رہا ہے ، مہاجرین مظفر آباد میں مسائل کا شکار ہو کر واپس چلے گئے ، لبریشن سیل کے ذریعے لٹریچر تقسیم ہونا چاہیے تھا جو نہیں ہو رہا ، یہ کیسا آزادی کا بیس کیمپ ہے جس کے بجٹ میں تحریک آزادی کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں عدل و انصاف ناپید میرٹ کی بالا دستی دور کی بات مظلوم کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں ہے ، حکومت مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ، میر پور میں متاثرین ڈیم کا مسئلہ ہے، دو مرتبہ اپنے گھر بار اور اپنے آباؤاجداد کی قبریں پانی میں ڈبو دی ہیں ان کے آباد کاری اور معاوضے آج تک ادا نہیں ہو سکے ۔ تارکین وطن بھی مطمئین نہیں ہیں اور مسائل کا شکار ہیں ان کی زمینوں پر بھی قبضے ہو رہے ہیں وزیر اعظم یہاں کے ہیں ان کے ہوتے ہوئے بھی مسائل حل نہیں ہوئے ، پی ایس سی بہت اہم ادارہ تھا اس کا حلیہ بگاڑ دیاگیا ہے ، میرٹ پر تقرریوں کے بجائے برادریوں اور ضلعوں کا کوٹہ رکھ لیاگیا ہے ، جس معاشرے کے عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے۔

تعلیم کو سیاسی اکھاڑہ بنا کر تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ، ہسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹرز نہیں ، زکوٰة اور بیت المال سیاسی رشوت کے طور پر استعمال ہو رہا ہے، ان حالات میں الله کی نصرت کیسے آئے گی ، جماعت اسلامی اسلام کا عادلانہ نظام کے نفاذ اورکشمیر میں سماجی خدمت ، تحریک آزادی کشمیر میں کردار کی بنیاد پر انتخابات میں اتری ہے، سراج الحق کی آمدکا مقصد یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حوصلے کا پیغام جائے اور آزاد کشمیر کے اندر تبدیلی کی جدوجہد کو تقویت ملے ۔

سراج الحق امت مسلمہ کی طرف سے یکجہتی کا پیغام لا رہے ہیں ، وہ ایک سال میں گیارہ مرتبہ آزاد کشمیر تشریف لائے ، یہ پاکستان جماعت کی کشمیر کے ساتھ کمٹمنٹ ہے ، انہوں نے کہا کہ چوہدری سعود اقبال عوامی مسائل حل کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی موثر پارلیمانی نمائندگی حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :