مون سون کے دوران رود کوہیوں میں کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی تیار کر لی گئی

منگل 23 فروری 2016 14:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) مون سون کے دوران رودکوہیوں میں کسی بھی قسم کے سیلاب سے نمٹنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے،اس سلسلے میں ڈی جی خان میں جدید نوعیت کے موسمیاتی ریڈار کی تنصیب عمل میں لائی جا رہی ہے، اپریل تک تمام دریاؤں کے بندوں پشتوں کو مضبوط بنادیا جائے گا اور تشکیل کردہ معائنہ ٹیمیں ان کی انسپکشن کا عمل شروع کرکے رپورٹ حکومت کو ارسال کریں گی، صوبہ بھرکے تمام ویئر ہاؤسز میں ہرقسم کی اشیاء ضروریہ و خوردونوش کا ذخیرہ اپ ڈیٹ کر دیاگیا ہے۔

اس امر کا اظہار پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل جوالد اکرم نے فلڈکیبنٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر چیئرمین فلڈکیبنٹ کمیٹی ، چیف سیکرٹری پنجاب ، کمشنرز، سیکرٹریز و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے جواد اکرم نے بتایا کہ صوبے کی تمام اضلاع کی انتظامیہ کو دریاؤں ، نہروں کے کناروں پر پتھروں اور ریت کی بوریوں کا ذخیرہ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں کو بھی فعال کرنے بارے احکامات صادر کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پورا سال فعال رہی ہے اور اب بھی مختلف مواقع پر عوام کو معلومات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مون سون سے قبل تمام ضلعی انتظامیہ دریاؤں، ندی نالوں کے پانی کے بہاؤ میں آنے والی ہرقسم کی رکاوٹ کا خاتمہ تیزی سے کرنے بارے ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رودکوہیوں کے تیز پانی کو روکنے اور ذخیرہ کرنے کیلئے بھی حکمت عملی تیار کی جار ہی ہے۔

اس سلسلے میں ڈی جی خان میں جدیدنوعیت کا موسمیاتی ریڈار نصب کیاجا رہا ہے جو لمحہ بہ لمحہ کسی بھی موسمیاتی کیفیت بارے اپ ڈیٹ معلومات فراہم کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اپریل میں پری فلڈ کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا تاکہ ہرقسم کی تجاویز اور حکمت عملی کو مزید اہمیت دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مئی اور جون میں فل ڈریس موک ایکسر سائز کا عمل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مرتب کی گئی حکمت عملی بارے آگاہی حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے 2016ء کیلئے ورک پلان مرتب کر لیا ہے جس پر عملدرآمد شروع کردیا گیاہے۔

متعلقہ عنوان :