دہشتگرد اہلکاروں کو نشانہ بنا کر ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ،ہمارے جوان ڈَٹ کر ان کا مقابلہ کریں گے‘ ڈی آئی جی آپریشنز

منگل 23 فروری 2016 14:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نہ ماضی میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ڈگمگائی ہے اور نہ ہی آئندہ ڈگمگائے گی، دہشت گرد شہریوں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنا کر ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے بلکہ جہاں بھی ان بزدل دہشت گردوں کا سامنا ہوگا ہمارے جوان ڈَٹ کر ان کا مقابلہ کریں گے، آئندہ شہر میں لگنے والے تمام ناکوں پر مامور اہلکاروں کو بُلٹ پروف جیکٹ اور اسلحہ سے بھرپور لیس کر کے تعینات کیا جائے گا اور مزید بُلٹ پروف جیکٹس کی ڈیمانڈ بھی کر دی گئی ہے، لاہور پولیس شہریوں کی عزت، جان ومال کے تحفظ کیلئے وسائل کی پرواہ کیئے بغیر دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے جنگ لڑتی رہے گی، پولیس کا ہر جوان ہمارے بچوں کی طرح ہے ، لاہور پولیس نے ابتک وسائل کی پرواہ کیئے بغیر دہشت گردی اور جرائم کیخلاف جنگ لڑی ہے اور ملک وقوم کے دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے سینوں پر گولیاں کھا کر 270 جوانوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کرچکے ہیں جن میں سے کسی بھی شہید نے پیٹھ پیچھے گولی نہیں کھائی بلکہ دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے سینوں پر گولیاں کھائی ہیں،لاہور میں اغواء برائے تاوان،بھتہ خوری اور گینگ وار نہ ہونے کے برابر ہے،کرائم کنٹرول کرنا صرف پولیس کا نہیں بلکہ معاشرہ کی بھی بنیادی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں شہر کے لاء اینڈ آرڈر و دیگر اہم معاملات کے حوالہ سے پولیس افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تمام ڈویژنل ایس پیز، سرکل افسران، ایس پی ہیڈ کوارٹرز عمر سعیداور ایس پی مجاہد سید کرار حسین بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر مزید کہا کہ لاہور پولیس کے اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی جائے کہ وہ وردی پہنتے ہوئے محکمہ کی ہدایات کے مطابق وردی پہن کر چاق وچوبندہوکر فرائض سرانجام دیں۔

جن ڈویژنز یا سیکشنز میں نفری یا وسائل کی کمی ہے وہ فوری طور پر پورے کیئے جائیں۔تمام تھانوں میں ایس ایچ اوز، ڈی ایس پیز اور ایس پیزاہلکاروں کی حاضری بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے 100 فیصد یقینی بنائیں جس پر صبح وشام اہلکاروں کے انگوٹھے کا نشان لگوا کر حاضری مکمل کی جائے۔روزانہ کی بنیاد پر کیئے جانے والے سرچ آپریشنز کے دوران شیڈول فورتھ میں شامل افراد کو ضرور چیک کیا جائے اور ان کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

چائنیز کی سکیورٹی پر کسی قسم کی کسر اُٹھانہ رکھی جائے۔ شہر میں پتنگ بازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام ڈویژنز میں باقاعدہ ٹیمیں تشکیل دے کر پتنگ اُڑانے والوں ، بنانے والوں ، پتنگ ساز فیکٹریوں، بیچنے والوں اور خریدنے والوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے اور ہر ایس ایچ او اس امر کو یقینی بنائے کہ اس کے علاقہ میں پتنگ بازی کرنے یا پتنگ بازی کا سامان بیچنے والے موجود نہ ہوں۔

تمام تھانوں میں سے ملازم اور سائل کا لفظ ختم کیا جائے اور جوان اور کمپلیننٹ کے الفاظ استعمال کیئے جائیں۔جس طرح ایڈمن افسران عوام کی بے لوث خدمت کر کے دعائیں لے رہے ہیں وہ لاہور پولیس کیلئے قابلِ فخر ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے ایس پی مجاہد سید کرار حسین کو ہدایت کرتے ہوئے کہ پولیس ریسپانس یونٹ کی گاڑیوں کی ڈویژن وائز انسپکشن کی جائے اور اہلکاروں کو ریفریشر کورسز بھی کروائے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :