لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے معاملات میں مبینہ مداخلت پر وزیر اعظم کے خلاف کارروائی کے لئے دائر درخواست کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 23 فروری 2016 13:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کے روبرو درخواست گزار گوہر نواز سندھو نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ عدالت عالیہ کے رجسٹرار آفس نے پٹیشن پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو عدالتی کارروائی سے استثنی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

قوانین کے تحت نیب کو کسی بھی شخص، انتظامی اور سیاسی عہدیدار کے خلاف کارروائی اور تحقیقات کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

وزیراعظم نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے نیب کو تنبہیہ کی جو کہ نیب کے معاملات میں براہ راست مداخلت کے مترادف ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ وزیر اعظم کو نیب کے معاملات میں مداخلت سے روکنے کا حکم دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست پر بلا جواز اعتراض عائد کیا گیا ہے ۔جس پر عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے پٹیشن کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لیا۔