وزیر اعظم نواز شریف کے نیب پر تنقیدی بیان کے خلاف درخواست قابل سماعت قرار ، سماعت کیلئے پیش کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم نے جو بیان دیا وہ نیب پر دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے ، انہیں نیب کے معاملات میں مداخلت سے روکا جائے ‘ درخواست گزار

منگل 23 فروری 2016 13:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم نواز شریف کے نیب پر تنقیدی بیان کے خلاف درخواست پر ہائیکورٹ آفس کے اعتراض کو ختم کر کے اسے قابل سماعت قرار دیدیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کے روبرو تحریک انصاف کے رہنما اور لائرز ونگ کے سربراہ گوہر نواز سندھو ایڈووکیٹ کی درخواست اعتراض کے ساتھ پیش کی گئی ۔

سماعت کے دوران بتایا گیا ہے ہائیکورٹ آفس نے درخواست پر دوبارہ اعتراض لگایا دیا ہے جس کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے کیونکہ درخواست میں ترمیم کرکے اس کو دوبارہ دائر کیا گیا ہے ۔ درخواست گزار وکیل گوہر نواز سندھو نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ آفس کے اعتراض کو ختم کر کے اسے سماعت کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی جائیں ۔

(جاری ہے)

جس پر جسٹس شاہد وحید نے درخواست اعتراض ختم کرکے اسے سماعت کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔

درخواست میں کہا گیا کہ نیب ملک بھر میں کرپشن کے خلاف سرگرم ہے لیکن وزیر اعظم نے نیب کے بارے جو بیان دیا ہے وہ نیب کے ادارے پر دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق نیب ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے ۔ یہ وزیر اعظم کے ماتحت نہیں اس طرح وزیر اعظم نواز شریف نے نیب کے بارے میں بیان دے کر نیب میں زیر سماعت مقدمات میں مداخلت کی ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزیر اعظم کو نیب کے معاملات میں مداخلت سے روکا جائے ۔