وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارلیمینٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا افتتاح کر دیا

منگل 23 فروری 2016 13:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارلیمینٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا افتتاح کر دیا ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ کو شمسی توانائی منتقل کر نے کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ‘ چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی ‘ پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ سمیت ارکان پارلیمنٹ ‘ وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی اور سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کے ہمراہ پارلیمنٹ کو شمستی توانائی پر منتقل کر نے کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ جس کے بعد پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ بن گئی ہے ۔پروجیکٹ کو گرین پارلیمنٹ سولر پاور پراجیکٹ کا نام دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

سورج کی شعاؤں کا استعمال کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کی چھتوں اور پارکنگ ایریا میں لگائے گئے 3 ہزار 9 سو 40 سولر پینلز فی گھنٹہ 1 میگاواٹ بجلی پیدا کر یں گے جو قومی اسمبلی اور سینیٹ کوروشن رکھ سکیں گے ۔

پراجیکٹ منیجر شاہد شو کت کے مطابق ہماری کم سے کم بجلی کی ضروریات کو ہم متبادل توانائی پر لے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پاکستان کا پہلا نیٹ میٹرنگ منصوبہ ہے۔اس منصوبہ میں ایک ہی وقت میں ہم نیشنل گرڈ کو بجلی دے بھی رہے ہونگے اور لے بھی رہے ہونگے۔وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ،اکرم درانی نے کہا کہ یہ اچھا منصوبہ ہے تاہم دیکھنا ہے کتنا کامیاب ہوتا ہے۔

چین کی جانب سے دئیے گئے اس تحفے نے پارلیمنٹ ہاؤس کے بجلی کا بل صفر کر دیا ہے، بیٹری بیک اپ رکھنے کی بجائے پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کیا گیا ‘ قومی اسمبلی کو نیٹ میٹرنگ کا پہلا لائسنس بھی مل گیا ہے۔ منصوبے کو 25 سال تک کسی مرمت کی ضرورت نہیں، ماحول دوست منصوبہ کاربن ڈائی آکسائیڈ، سلفر ڈائی آکسائیڈ جیسی مضر گیسوں سے پاک ہے۔ انرجی ایفی شینٹ تکنیک سے پارلیمنٹ ہاؤس میں بجلی کی کھپت نصف تک کم کرنے کا منصوبہ بھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :