پی آئی اے اسکاؤٹس کے تحت عالمی یوم اسکاؤٹنگ پر تقریبات کا انعقاد

منگل 23 فروری 2016 12:36

کراچی ۔ 23 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 فروری۔2016ء) نائب صوبائی کمشنر پی آئی اے اسکاؤٹس ممتاز احسن زبیری نے کہا ہے کہ عالمی اسکاؤٹ تحریک انسانیت کی بے لوث خدمت سے بھرپور جدوجہد کا نام ہے جو ذات پات، مذہب و ملت، بلا امتیاز رنگ و نسل اور علاقائی سرحدوں سے بالاتر ہے، اسکاؤٹ تحریک محبت، امن اور دوستی کا پیغام دیتی ہے، یہ ایک ایسی بین الاقوامی تحریک ہے جو نوجوان کو انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار کرتی ہے۔

یہ بات انہوں نے صوبائی ہیڈ کوراٹر پی آئی اے ٹاؤن شپ میں لارڈ بیڈن پاول کی سالگرہ تقریبات پر خطاب میں کہی۔ میزبان ڈسٹرکٹ کے کمشنر شیخ افضل نور، اسسٹنٹ کمشنر محمد طارق، ڈسٹرکٹ سیکریٹری شاہد وحید و دیگر نے صوبائی و ضلعی عہدیداران اور اسکاؤٹ لیڈران کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سکاؤٹ تحریک کے بانی لارڈ بیڈن پاول کی سالگرہ پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمیں امن کے پیغام کو اسکاؤٹنگ کے ذریعے ملک کے گوشے گوشے میں پھیلانے کی ضرورت ہے۔

سیکریٹری پبلک ریلشنز سید محبوب قادری کے مطابق ملک بھر میں ہوائی اڈوں کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں قائم 12 پی آئی اے اسکاؤٹ ہیڈ کوارٹرز پر سینکڑوں روور اسکاؤٹس، گرلز، بوائز اور شاہین اسکاؤٹس نے مختلف تفریحی ومعلوماتی کھیلوں، اسٹیج پروگرام، ریجنل ڈانس و دیگر مقابلوں میں حصہ لیا اور پوزیشن حاصل کی۔ آخر میں مہمان خصوصی نے لارڈ بیڈن پاول کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور پوزیشن ہولڈر اسکاؤٹس کو سرٹیفیکٹس اور شیلڈ تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :