سمجھوتہ ایکسپریس 25 فروری کو بحال ہونے کا امکان

منگل 23 فروری 2016 11:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) پاکستان ریلویز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ملتوی ہونے والی سمجھوتہ ایکسپریس سروس 25 فروری کو بحال ہوجائے گی۔تاہم پاکستان کے محکمہ سیاحت کے لاہور دفتر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی دوستی بس سروس ہندوستانی حکام کی کلیئرنس کے بعد بحال کی جائے گی۔

واہگہ اور اٹارری کے درمیان چلنے والی بین الاقوامی ٹرین کے انتظامات کے ذمہ دار پاکستان ریلوے کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'ہندوستانی ریلوے حکام نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ ایک ہزار مسافروں کو دہلی سے چھتیس گڑھ پہنچانے کے لیے اتر پردیش روٹ پر ایک خصوصی ٹرین چلارہے ہیں'۔خیال رہے کہ رواں ہفتے پیر کے دن پاکستان سے ہندوستان جانے کے لیے مسافروں کی تعداد 200 تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان ریلویز کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ 'پیر کے روز کے لیے جن مسافروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے تھے وہ آئندہ کسی بھی روز کے لیے موٴثر رہیں گے'۔انھوں نے مزید بتایا کہ سمجھوتہ ایکسپریس میں 500 مسافروں کی گنجائش موجود ہے۔واضح رہے کہ سمجھوتہ ٹرین سروس ہندوستانی ریاست ہریانہ میں جاری جاٹ برادری کے پْرتشدد مظاہروں کے دوران سیکیورٹی کے باعث ملتوی کی گئی ہے۔کئی دنوں سے جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران مشتعل افراد نے ریلوے اسٹیشنز اور کار شورومز جلا دیئے، جبکہ رابطہ سڑکیں بلاک کیے جانے کی وجہ سے ریاست کے معاشی نظام کو بھی بری طرح نقصان پہنچا۔

متعلقہ عنوان :