یورو وژن مقابلوں کیلئے منتخب نغمے کے متنازع بننے کا خطرہ

منگل 23 فروری 2016 11:25

یورو وژن مقابلوں کیلئے منتخب نغمے کے متنازع بننے کا خطرہ

سٹاک ہوم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 فروری۔2016ء) رواں برس یوکرین کی جانب سے یورپ میں نغمات کے یورو وژن مقابلوں کے لیے منتخب کیے جانے والے نغمے کے متنازع بننے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔رواں برس یورو وژن مقابلے مئی میں سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں منعقد ہوں گے-یوکرین نے رواں برس جس نغمے کا انتخاب کیا ہے وہ روسی حکمران جوزف سٹالن کی جانب سے تاتاری افراد کی زمانہ جنگ میں زبردستی ملک بدری کے بارے میں ہے۔

جمالا نامی گلوکارہ کا 1944 نامی گانا اس المیے کے بارے میں ہے جس کا سامنا ان کی پڑدادی کو کرنا پڑا تھا جب سٹالن نے دو لاکھ 40 ہزار تاتاریوں کو وسط ایشیا کے بنجر میدانوں میں بھیج دیا تھا۔اس سفر کے دوران جہاں ہزاروں افراد کی جان گئی وہیں بہت سے منزل پر پہنچنے کے بعد بھوک کا شکار ہو کر چل بسے تھے۔

(جاری ہے)

اس نغمے کے ابتدائی بول ہیں ’وہ تمہارے گھر آتے ہیں، تمہیں قتل کرتے ہیں اور کہتے ہیں۔

ہم قصوروار نہیں ہیں۔اگرچہ نغمے کے بولوں میں یوکرین کی موجودہ سیاسی صورتحال پر براہِ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا لیکن یورو وڑن کی سابق فاتح روسلانا نے کہا ہے کہ ’یہ نغمہ، بالکل اسی صورتحال کے بارے میں ہے جس کا ہمیں آج کے یوکرین میں سامنا ہے۔جمالا اس نغمے کا تعلق براہِ راست اپنے خاندان سے جوڑتی ہیں۔ ان کی پڑدادی کی عمر اس وقت 20 کے پیٹے میں تھی جب انھیں اپنے چار بیٹوں اور ایک بیٹی کے ہمراہ ملک بدر کر دیا گیا۔

اس ملک بدری کی وجہ سٹالن کا تاتاریوں پر نازیوں کا ساتھ دینے کا الزام تھا۔جمالا کا کہنا ہے کہ وہ یورو وڑن مقابلے میں صرف اس لیے شامل ہوئی ہیں کیونکہ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ ’لاچارگی کے عالم میں لکھے گئے اس نغمے کو سنیں۔خیال رہے کہ یورو وژن مقابلے کے قوانین ایسے کسی نغمے کی مقابلے میں شمولیت کی اجازت نہیں دیتے جو وجہ تنازع بن سکے۔2009 میں جارجیا کے نغمے ’وی ڈونٹ وانٹ ٹو پْٹ ان‘ کو اس کیے خارج کر دیا گیا تھا کیونکہ اس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا مذاق اڑایا گیا تھا۔

2005 میں یوکرین کے ہی گرین جولی کو اپنے نغمے ’رازوم ناس بہاتو‘ کے الفاظ پر دوبارہ کام کرنے کو کہا گیا تھا۔ یہ نغمہ اس سے ایک برس قبل آنے والے نارنجی انقلاب کے حامیوں کا ترانہ تھا۔رواں برس یورو وژن مقابلے مئی میں سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں منعقد ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :