بیرون ملک مقیم پاکستانی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 فروری 2016 21:40

اٹک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22فروری۔2016ء) صوبائی وزیر معدنیات و چیئر مین ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹی اٹک چوہدری شیر علی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی او آفس اٹک میں کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈی سی او اٹک چوہدری حبیب اللہ، ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت ، اے ڈی سی کنزہ مرتضیٰ ، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ای ڈی اوز کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی موجو د تھے۔فوکل پر سن ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی اٹک سید مجاہد عباس رضوی نے بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل اوران کے ازالے سے متعلق تفصیلی ملٹی میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی اٹک کو مجموعی طور پر مختلف محکموں سے متعلق ستائیس شکایات موصول ہوئیں جن میں سے سات کا ازالہ کردیا گیا ہے ،آٹھ عدالت کے زیر سماعت ہیں جبکہ بارہ تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں ۔صوبائی وزیر چوہدری شیر علی نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے متعلق تفصیلی بحث کی اور تمام مسائل کا بغور جائزہ لیا اور ان کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں پنجاب اوورسیز کمشن قائم کیا گیا ہے جووزیر اعلیٰ پنجاب کو روزانہ کی بنیاد پر بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل اور ان کے حل سے متعلق رپورٹ ارسال کررہا ہے۔

اس طرح ضلعی سطح پر اوورسیز کمیٹیاں مسائل کا جائزہ لے کر ان مسائل کو ضلعی سطح پر حل کررہی ہیں۔ صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اولین بنیادوں پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات سنیں اور ان کے جلد از جلد حل کے لیے تمام اقدامات کو ممکن بنائیں۔صوبائی وزیر چوہدری شیر علی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی اٹک ماہانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرکے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے اور اس کے ساتھ تمام اہم مسائل کی موثر پیروی بھی کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :