چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹرسردار فتح محمد حسنی کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس

پیر 22 فروری 2016 16:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) پاکستان ریلویز نے پنجاب حکومت کے مالی تعاون سے حادثات کی روک تھام کے لئے ریلوے کراسنگ پر 96فیصد پھاٹک لگانے کا کام مکمل کر لیا جبکہ باقی صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو پھاٹک کے فنڈز کے حوالے سے خطوط لکھ دیئے گئے ہیں،ریلوے میں سفر کرنے والے ہر مسافر کی انشورنس ہوتی ہے ،پالیسی تبدیل کر کے جاں بحق ہونیوالے مسافر کے ورثاء کو 10 لاکھ روپے جبکہ زخمی ہونیوالے مسافر کو 3 لاکھ روپے پوسٹل انشورنس کے ذریعے فراہم کئے جا رہے ہیں۔

گزشتہ روز سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹرسردار فتح محمد حسنی کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،سینیٹرحافظ حامد اللہ ‘ سینیٹر محمد ظفر اللہ خان ‘ سینیٹر ثمینہ عابد ‘ سینیٹرتاج حیدر ‘ سینئر ممبرریونیو بورڈپنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید ‘ چیئرمین ریلوے پروین آغا سمیت دیگر ریلوے حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بزنس ٹرسٹ شالامار ہسپتال کی زمینوں پر بحث کی گئی۔ جبکہ ریلوے کے پچھلے پانچ سالوں میں ہونیوالے حادثات اور بچاؤ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اورگزشتہ اجلاسوں پر عملدرآمد کے حوالے سے ریلوے حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ریلوے نے پنجاب میں حادثات کی روک تھا م کیلئے ریلوے کراسنگ پر 95 فیصد پھاٹک بنا دیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بغیر گیٹ کے 75 پھاٹک تھے جہاں پنجاب حکومت کے مالی تعاون سے 95 فیصد پھاٹک لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جس پر پنجاب حکومت نے 555 ملین روپے ریلوے کو فراہم کئے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے نے کمیٹی کو بتایا کہ زیادہ حادثات بغیر گیٹ یا پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے ہوتے تھے تا ہم پنجاب میں پھاٹک لگا دیئے گئے ہیں جبکہ باقی صوبوں کے وزرائے اعلی کوپھاٹک کے فنڈ زکے حوالے سے خطوط لکھ دیئے گئے ہیں ۔فنڈز کی فراہمی کے ساتھ ہی بغیر گیٹ والے پھاٹک پرپھاٹک لگا دیئے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ریلوے میں سفر کرنے والے ہر مسافر کی انشورنس ہوتی ہے اور مسافر سے ٹکٹ میں اس کی رقم وصول کر لی جاتی ہے۔ مسافر کے جانی نقصان کی صورت میں پالیسی تبدیل کر کے جاں بحق ہونیوالے مسافر کے ورثاء کو 10 لاکھ روپے جبکہ زخمی ہونیوالے مسافر کو 3 لاکھ روپے پوسٹل انشورنس کے ذریعے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ مذکورہ کمیٹی اجلاس میں پچھلے اجلاس کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :