کتاب کو دوست رکھنے والے دنیا کے کسی میدان میں ناکام نہیں ہوتے‘ ملک محمد رفیق رجوانہ

پیر 22 فروری 2016 16:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ کتاب کو دوست رکھنے والے دنیا کے کسی میدان میں ناکام نہیں ہوتے، ترقی یافتہ قوموں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں علم و ادب کو فروغ دینا ہو گا،پنجاب کی علم دوست قیادت صوبے کے طول و ارض میں علمی اور تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور ہر عمر اور طبقے کے لوگوں کے لیے حصول علم کے عمل کو آسان اور موثر کیا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائی کورٹ میں لائبریری کی توسیع کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کتاب نہ صرف علم و شعور کے نئے دریچے کھولتی ہے بلکہ مختلف شعبوں میں کامیابی کی ضمانت بھی فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں انٹرنیٹ پر معلومات کے تیز رفتار تبادلے نے بھی کتاب کی اہمیت کو کم نہیں کیا اور پائیدار علم کے متلاشی آج بھی اپنی علم کی پیاس بجھانے کے لیے کتاب کی عرق ریزی کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبے کے مختلف بارز اور عدالتوں میں لائبریری فراہم کرنے اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور آج لاہور ہائی کورٹ میں لائبریری کی اپ گریڈیشن کر کے حکومت نے اپنا ایک اور وعدہ پورا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء کے استعداد کار میں اضافے اور ان کو بہتر وسائل کی فراہمی کے لیے آئندہ بھی کوششیں کی جائیں گی تا کہ بار اور عدلیہ زیادہ بہتر انداز سے انصاف کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھ سکیں ۔

بعد ازاں مال روڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ ملک کی تاجر برادری اس وقت حقیقی معنوں میں معاشی جہاد کر رہی ہے جو مختلف مسائل کے باوجود تجارتی و کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مال روڈ تاریخی شہر لاہور کا حسن ہے اور اسکے اطراف میں قائم کئی تاریخی عمارتوں کو قومی ورثہ قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہا مال روڈ کے تاریخی اور ثقافتی حسن کو برقرار رکھا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مال روڈ پر جلسے وجلوس پر پابندی کے عدالتی فیصلے پر عمل کرایا جائے گا جبکہ سروس روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری جائیں گی۔گورنر پنجاب نے مال روڈ کے تاجروں کی طرف سے مال روڈ کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے مال روڈ کے تاجر برادری کی مشکلات کے ازالے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دریں اثنا معروف صحافی، دانشور اور مصنف الطاف حسین قریشی نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی اور اپنی کتاب ”ملاقاتیں کیا کیا“ پیش کی، معروف صحافی سہیل گوئندی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کتاب میں اہم شخصیات سے ملاقاتوں اور اُن سے مختلف موقعوں پر کیے گئے انٹرویوز شامل ہیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ کتاب نہ صر ف اہل قلم کے لیے بیش بہا خزانہ ہے بلکہ سیاست ،تاریخ اور مختلف شعبوں کے طلباء کے لیے معلومات کا ذریعہ بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین قریشی جیسے قلمکار علم وادب کا سرمایا ہیں اور انہوں نے اپنے تجربات اور مشاہدات کو کتاب کی صورت میں محفوظ کر کے آنے والی نسل پر بہت بڑا احسان کیا ہے۔