آئی جے پرنسپل روڈ کی مرمت:

سی ڈی اے کے شعبہ ورکس کی مبینہ غفلت یا کرپشن، 214 ملین کے پراجیکٹ کو کاغذات میں 393 ملین کا بنا دیا گیا

پیر 22 فروری 2016 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء) آئی جے پرنسپل روڈ کی مرمت میں وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے) کے شعبہ ورکس کی مبینہ غفلت یا کرپشن کیلئے طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت 214 ملین کے پراجیکٹ کو کاغذات میں 393 ملین کا بنا دیا گیا ہے ،179 ملین کی مبینہ کرپشن کو مختلف حصوں میں تقسیم کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے کی جانے والی آئی جے پرنسپل روڈ کی مرمت کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو نومبر 2015 میں دیا گیا تھا جس کی تخمینہ لاگت 21 کروڑ 40 لاکھ تھی جسے کاغذات میں بڑھا کر 39 کروڑ 30 لاکھ کر دی گئی ہے جس سے حکومت کو 17 کروڑ 90 لاکھ کا نقصان پہنچا ہے ۔

واضح رہے کہ وزارت کیڈ کی جانب سے وفاقی دارلحکومت کی تمام شاہراہوں کی مرمت کیلئے 5 بلین کا فنڈ مختص کیا گیا تھا تاہم اسلام آباد کے پوش سیکٹروں میں کی جانے والی سڑکوں کی کارپیٹنگ کا ٹھیکہ بھی 884 ملین میں” زیڈ کے بی “ کمپنی کو دیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

مذکورہ کمپنی کی جانب سے بل میں سیکٹر ایف اور سیکٹر جی کی تمام متاثرہ سڑکوں کی کھدائی، بھرائی کے بعد کارپیٹنگ کی جانی تھی جس میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی کی سڑکوں کی کھدائی اور بھرائی کے بعد کارپیٹنگ کی گئی ہے جبکہ سیکٹر ایف کی سڑکوں کی نہ تو کھدائی اور بھرائی کے باوجود ہی پرانی سڑکوں پر نئی کارپیٹنگ کر دی گئی ہے جس سے ان تمام سڑکوں کی مدت معیاد انتہائی کم ہو کر رہ گئی ہے۔ان سیکٹروں کی کارپیٹنگ سے سڑکیں 4 انچ اوپر ہو گئی ہیں جس سے آئندہ ہونے والی بارشوں کے بعد قریبی گھروں میں پانی جانے کا بھی امکان ہے۔

آن لائن کے رابطہ کرنے پر سی ڈی اے ڈپٹی ڈی جی ورکس سجاد زیدی نے بتایا کہ 214 ملین میں آئی جے پرنسپل روڈ کی مرمت کا پراجیکٹ اکاوٴنٹس کی غلطی کے باعث 393 ملین کا بن گیا تاہم اس کو بعد ازاں درست کر لیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ زیڈ کے بی کمپنی کو دیئے جانے والے ٹھیکے کی مدت 5 مہینہ ہے جبکہ 884 ملین میں مکمل ہونے والے اس پراجیکٹ میں تمام سڑکوں کی کھدائی اور بھرائی کے بعد کارپیٹنگ شامل ہے تاہم اگر ایسا نہیں کیا جا رہا تو ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :