کرپشن فری پاکستان کو عوامی مطالبہ بنائیں گے،سردار ظفرحسین خان ایڈووکیٹ

پیر 22 فروری 2016 16:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء) پاکستان میں اس وقت روزانہ8ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے،اگر ملک سے صرف کرپشن ہی ختم ہوجائے تو ملک خوشحال ہوسکتا ہے، کرپشن فری پاکستان کو عوامی مطالبہ بنائیں گے، کرپشن فری پاکستان ہی عوامی مسائل کا حل ہے۔یکم مارچ سے شروع ہونے والی جماعت اسلامی کی کرپشن کے خلاف تحریک پاکستان کے عام آدمی کے دل کی آواز ثابت ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے عوامی رابطہ مہم کے دوران پی پی 61کے دورہ کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر زونل امیر امجد علی گل بھی موجود تھے ۔سردار ظفر نے کہا کہ ایک منظم سازش کے ذریعے پاکستان کو کرپٹ ملک قرار دیکر پاکستان کی آزادی وخودمختاری سلب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

کرپشن اس وقت ملک کا نمبر ون مسئلہ بن چکا ہے، جس میں پاکستان مسلسل دھنستا جارہا ہے، حتیٰ کہ ایتھوپیا اور نائجیریا جیسے ملک بھی کرپشن میں پاکستان سے پیچھے ہیں، پاکستان کو کرپشن کی طرف دھکیلنے میں حکمران طبقہ کا ہاتھ ہے۔عوامی خدمات پر مامور ریاستی ادارے وسائل کی لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ہر سال اربوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے جس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ڈھائی سو ارب ڈالر بیرون ملک منتقل کئے گئے، سود در سود کی ادائیگی کیلئے ٹیکسوں کی بمباری نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ غلط ہے،اداروں کو تباہ کیا گیا ہے جس میں حکمرانوں کی بدنیتی، کرپشن اور نااہلی دکھائی دیتی ہے۔ حکمرانوں کو قومی اداروں کو ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح چلانے کی اجازت ہرگز نہیں دے سکتے، زرداری، نواز شریف، اسحاق ڈار، میاں منشا کے مقدمات عدالتوں میں التوا کا شکار ہیں، یہ لوگ طاقت وپیسے کے بل بوتے پر یہ مقدمات سے بچ نکلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی رول ماڈل ہے، عوام مسائل کے حل کیلئے سراج الحق کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی ملک میں دیانت وامانت کی سیاست کے ذریعے ظلم و ناانصافی کی چکی میں پسنے والے عوام کو کرپشن ومسائل سے نجات دلائے گی، کرپشن فری پاکستان مہم اس سلسلے کی کڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :