ایم پی اے نازیہ راحیل کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات میری سمجھ سے بالا تر ہیں،چوہدری اسد الرحمن

پیر 22 فروری 2016 14:38

کمالیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء) چےئر مین قائمہ کمیٹی برائے استحقاق و ایم این اے مسلم لیگ (ن) چوہدری اسد الرحمن نے کہا ہے کہ ایم پی اے نازیہ راحیل کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات میری سمجھ سے بالا تر ہیں۔ مجھے افسوس ہے کہ کمالیہ اور پیر محل کیلئے کروڑوں روپے کی گرانٹ حاصل کر کے میگا پراجیکٹ منظور کروائے جن پر عملی طور پر کام شروع ہو چکا ہے اور تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ، ایسے میں مجھے کمالیہ بائی پاس کے منصوبہ کا کوئی علم نہ ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کی منظور میں نے خود کروائی ہے۔

جس کو میں کسی بھی صورت رکوا نہیں سکتا ہوں۔ میں تنقید نہیں کرنا چاہتا ہوں ، وہ میری بیٹیوں کی طرح ہیں، اور ان کا احترام کرتا ہوں۔ انہیں اپنے ارد گرد ایسے لوگوں کو تلاش کرنا ہوگا جو موجودہ صورتحال میں محاذ آرائی کو فروغ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایم پی اے مسلم لیگ (ن) نازیہ راحیل کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 15کروڑ روپے سے واٹر سپلائی سکیم، 36کروڑ روپے سے سیوریج کے نظام میں بہتری لانے کے علاوہ دیگر محکموں میں بھی غیر معمولی ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ جو میرے علاقہ میں کام کرنے اور علاقہ کی ترقی کی دلیل ہیں۔ ہر شخص کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔ بلدیہ کمالیہ کے چےئر مین شپ کیلئے آج بھی میری طرف سے رائے عتیق الرحمن پپو امیدوار ہیں، اور میری پوری سپورٹ ان کے ساتھ ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ میں پارٹی کے فیصلے کا پابند ہوں وہ جو بھی ہوا میں اس کی بھر پور حمایت کروں گا۔

کمالیہ کے ترقیاتی کاموں میں کبھی رکاوٹ کھڑی نہیں کی، جبکہ دیگر بڑے منصوبے آج بھی علاقہ میں جاری ہیں، لیکن کسی کو لوٹ مار کرنے کی اجازت نہیں دونگا۔ لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف پہلے بھی جہاد کرتا آیا ہوں اور اب بھی جاری رکھوں گا