ریحام خان کا بعد ازمرگ اپنے جسم کے اعضا سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کو عطیہ کرنے کا اعلان

ہماری وجہ سے کسی ایک انسان کی جان بچ سکے تو پورے خاندان کی بحالی ہے ‘ ریحام خان کی گفتگو

پیر 22 فروری 2016 14:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بعد ازمرگ اپنے جسم کے اعضا سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی)کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایس آئی یو ٹی میں زیر علاج سماجی ورکر عبدالستار ایدھی کی عیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ اگر ہماری وجہ سے کسی ایک انسان کی جان بچ سکے تو وہ پورے خاندان کی بحالی ہے اور یہ صدقہ جاریہ ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے بعد از مرگ اپنے جسم کے تمام اعضاء ایس آئی یو ٹی کو عطیہ کرنے کے عطیہ زندگی فارم پر دستخط بھی کئے۔ انھوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ایک عظیم انسان ہیں اورمجھے ان کی یہ بات کہ انسانیت کے لیے کام کرنا چاہیے بہت اچھی لگی۔ انھوں نے کہا کہ ایدھی واپس کام پر آنا چاہتے ہیں اور انسانیت کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ ریحام خان نے کہا کہ میں نے ایدھی صاحب سے وعدہ کیا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کیلئے جو کام کر رہے ہیں، اس میں مجھ سے جتنی سپورٹ ہو سکتی ہے کروں گی۔

متعلقہ عنوان :