ملازمہ نے تین سالہ بچے پر تیزاب پھینک دیا ، حالت نازک

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 فروری 2016 13:59

ملازمہ نے تین سالہ بچے پر تیزاب پھینک دیا ، حالت نازک

شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 فروری 2016ء): ملازمہ نے اپنے مالک کے تین سالہ بیٹے پر تیزاب پھینک دیا، جبکہ کچھ مقدار میں بچے کو تیزاب پلانے کی بھی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ میں ایک تین سالہ بچے پر گھریلو ملازمہ نے تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں بچے کے جسم کا بیشتر حصہ تیزاب کے باعث جھلس گیا۔ بچے کی والدہ کا کہنا ہے کہ تین سالہ ایموری نے تیزاب جلد پر پڑتے ہی درد سے چیخنا اور کراہنا شروع کر دیا۔

جبکہ ملازمہ نے بچے کو زبر دستی تیزاب پلانے کی بھی کوشش کی۔

(جاری ہے)

3 سالہ بچے کی والدہ نے شارجہ کی عدالت میں بتایا کہ گھریلو ملازمہ نے جان بوجھ کر میرے بیٹے پر تیزاب اُنڈیلا جس کے بعد تیزاب کے باعث آئے متعدد زخم لا علاج ہیں۔ متاثرہ بچے کی والدہ نے مزید بتایا کہ ملزمہ گذشتہ چار سال سے ہمارے گھر میں کام کر رہی تھی۔ ملازمہ نے میرے بیٹے کو تیزاب پلانے کی کوشش کی لیکن 3 سالہ ایموری کے انکار نے اس کا منصوبہ ناکام بنا دیا، والدہ نے مزید بتایا کہ حادثہ تب ہوا جب وہ اپنے دیگر اہل خانہ کے ساتھ گھر کے پیچھےگارڈن میں موجود تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ 3 سالہ بچے کو انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے جبکہ تیزاب متاثرہ بچے کی ہڈیوں تک پہنچنے کے سبب کچھ زخم لا علاج ہیں۔