قطر سے ایل این جی کے بعد پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بھی مکمل کیا جائے ‘ افتخار بشیر

پیر 22 فروری 2016 13:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان وایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرآف کامرس چوہدری افتخار بشیرنے کہا ہے کہ قطر سے ایل این جی کی درآمد کے معاہدہ کے بعد پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے کیلئے مثبت اقدامات کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی تکمیل سے توانائی بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور گیس کی وافر فراہمی سے اسے پاور پلانٹ میں استعمال میں لاکر سستی بجلی کا حصول ممکن ہے جس سے ملک کے اندر جاری لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا ۔صنعتوں کو ان کی ضروریات کے مطابق گیس و بجلی کی فراہمی سے صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے ملک خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ ٹریڈ ڈپلومیسی کی ناکامی کے باعث دیگر ممالک کی طرح ایران سے بھی تجارت کم ہورہی ہے گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیاں باہمی تجارت پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر پاکستانی برآمدات 128ملین ڈالر تک گر گئیں جبکہ ایران سے تجارت کرنے والے ذرائع کے مطابق اس میں مزید کمی آسکتی ہے انہوں نے کہا کہ پابندیوں سے قبل دونوں ممالک کے مابین ایک ارب ڈالر تک کی تجارت ہوئی ہے اب جبکہ ایران پر بین الاقوامی پابندیاں ختم ہوچکی ہیں اس لیے پاک ایران گیس منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے پاک ایران گیس منصوبہ کی تکمیل سے پاک ایران تجارت میں بھی اضافہ ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :