ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی

پیر 22 فروری 2016 12:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی جانب موقف اختیار کیا گیا کہ ادویہ ساز کمپنیوں نے کینسر ، ہیپاٹائٹس سمیت دیگر موذی بیماریوں کے علاوہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کسی فارمولے کے بغیر از خود اضافہ کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ادویہ کی قیمتوں کے تعین کے لئے حکومت کی طرف سے کوئی فارمولا نہیں ہے جس کی وجہ سے ہزاروں مریض مہنگی ادویات خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ادویہ ساز اداروں کو قیمتوں کے تعین سے متعلق قانون کے دائرے میں لانے کے لئے حکومت کو موثر قانون سازی کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ از خود قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں کے خلاف ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے 15 روز میں جواب طلب کرلیا۔