پارک انکلیو کے الاٹیز کو پہلے مرحلے میں ایک ماہ کے اندر پلاٹوں کے قبضے دینے کا عمل شروع ہوگا

دوسرے مرحلے میں باقی 350 الاٹیوں کو 3 ماہ تک قبضے دیئے جائیں گے، سی ڈی اے حکام

اتوار 21 فروری 2016 17:14

اسلام آباد ۔ 21 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 فروری۔2016ء) پارک انکلیو کے الاٹیز کو پہلے مرحلے میں ایک ماہ کے اندر پلاٹوں کے قبضے دینے کا عمل شروع ہوگا ، منصوبے میں بعض رکاوٹوں کے باعث الاٹیوں کو بروقت قبضے نہیں دیئے جا سکے ، دوسرے مرحلے میں باقی 350 الاٹیوں کو 3 ماہ تک قبضے دیئے جائیں گے۔ سی ڈی اے کے حکام نے بتایا کہ سی ڈی اے نے گزشتہ سال 28 دسمبر سے پارک انکلیو کے 350 الاٹیوں کو پلا ٹوں کے قبضے دینے تھے تاہم سی ڈی اے کے شعبہ لینڈ کی جانب سے 10 فیصد زمین متعلقہ ادارے کو فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے الا ٹیوں کو ان کے پلاٹوں کے قبضے میں دو ماہ کی تاخیر ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ پارک انکلیو ہاؤسنگ منصوبہ 5 جولائی 2011ء کو شروع کیا گیا تھا تاہم کئی سالوں سے تعطل کے شکار اس منصوبے کو سی ڈی اے کی موجودہ انتطامیہ نے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لئے موثر منصوبہ بندی کی اور گزشتہ سال اگست میں اس پر ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں تقریباً 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی 25 فیصد کام بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔

پارک انکلیو میں ترقیاتی کاموں کے لئے 2.68 ارب روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا جس کے بعد اس پر ترقیاتی کاموں کا ٹینڈر جاری کیا گیا اور 1.26 ارب روپے کا کنٹریکٹ ایوارڈ کیا گیا جس کے تحت اس منصوبے کی باؤنڈری وال کی تعمیر، مرکزی گیٹ، روڈ انفراسٹرکچر، واٹر ٹینکس، ٹیوب ویلوں کی تنصیب، سیوریج سسٹم اور ہاؤسنگ اسکیم کے دیگر تمام ترقیاتی کام شامل ہیں۔

پہلے مرحلے میں جہاں ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں، وہاں کے پلا ٹوں کا باقاعدہ قبضہ دیا جائے گا جبکہ تکمیل کے آخری مراحل کو مکمل کر کے اس ہاؤسنگ اسکیم کے باقی ماندہ الاٹیوں کو پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے گا۔ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے الاٹیوں سے ایک سال کی ریکارڈ مدت میں کاموں کی تکمیل کا وعدہ کیا تھا جبکہ رواں ماہ سی ڈی اے الاٹیوں کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ دینے کی پوزیشن میں آ گیا ۔

متعلقہ عنوان :