شیخوپورہ،جھنگ اور قصور کے پاور پلانٹ ملک سے اندھیر ے ختم کریں گے،میاں عرفان دولتانہ

اتوار 21 فروری 2016 17:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 فروری۔2016ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ شیخوپورہ،جھنگ اور قصور کے پاور پلانٹ ملک سے اندھیر ے ختم کریں گے، یہ تینوں منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، بجلی کا موجودہ بحران پی پی حکومت کا پیداکردہ ہے۔ صنعتوں کے پہیے کی بندش اور گھروں میں اندھیرے کی ذمہ دار پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت ہے۔

پیپلزپارٹی کی ناکام حکومت نے عوام کومعاشی طور پر بدحال کر دیا۔ عوام سے روٹی کپڑا اور مکان کی سکت چھین لی گئی۔ بجلی کے بحران کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں رک گئیں۔ مسلم لیگ (ن) نے برسراقتدار آ کر بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے سرتوڑ کوششیں کیں اور ملک میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے متعدد پراجیکٹس شروع کئے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی بدانتظامی کی وجہ سے اپنے دورحکومت میں بجلی کی پیداوار کا کوئی پراجیکٹ شروع نہ کر سکی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کے لئے صوبہ بھر میں گیس‘ آئل‘ شمسی توانائی اور کوئلے سے چلنے والے متعددمنصوبے شروع کرا ئے۔

قائد اعظم سولرپارک سمیت دیگر پراجیکٹس سے بجلی کی پیداوار شروع بھی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے دور حکومت میں مالامال ہونے والوں کے منہ سے دوسروں پر مال بنانے کاالزام جچتا نہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب بھر میں نہ صرف توانائی پراجیکٹس شروع کرائے بلکہ سابقہ حکومت کے برعکس اربوں روپے کی بچت بھی کی۔