کسی کے ”پر“ نہیں کاٹے ، ناخن بڑھ جائیں تو کاٹنا ضروری ہوتا ہے، پرویز رشید

نیب میں اصلاحات مشاورت سے کی جائینگی ،احتساب کا عمل جاری رہے گا ، کسی کو ترقی کی رکاوٹ میں رکاوٹ نہیں بننے دینگے ،وزیراعظم نے کسی ایک ادارے کے نہیں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالے اداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی بات کی حکومت کی خواہش تھی کہ مردم شماری مارچ میں ہوجائے ، اس پر تمام صوبوں سے اتفاق رائے کے بعد عملدرآمد ہوگا،دنیا کو پاکستان کی کوئی اور شکل پیش کی گئی ،اصل پاکستان کی تصویر دنیا میں کم دیکھی گئی ہے ،ہمارا دین اسلام محبت اور احترام کا درس دیتا ہے ، وفاقی وزیر کی ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 21 فروری 2016 17:08

ٹیکسلا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے کسی کے ”پر“ نہیں کاٹے ، ناخن بڑھ جائیں تو کاٹنا ضروری ہوجاتا ہے ،نیب میں اصلاحات مشاورت سے کی جائینگی ،احتساب کا عمل جاری رہے گا ، کسی کو ترقی کی رکاوٹ میں رکاوٹ نہیں بننے دینگے ،وزیراعظم نے کسی ایک ادارے کے نہیں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالے اداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی بات کی، عمران خان کے دھر نے ترقی کے عمل کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی،دھرنے کی وجہ سے کام مکمل نہ ہونے کاافسوس ہے،پٹھان کوٹ حملے بارے پارلیمنٹ کو تفصیلی آگاہ کیا تھا ، اس حوالے سے عسکری قومی اداروں سے بھی مشاورت مکمل کرلی ہے ،حکومت کی خواہش تھی کہ مردم شماری مارچ میں ہوجائے ، اس پر تمام صوبوں سے اتفاق رائے کے بعد عملدرآمد ہوگا،دنیا کو پاکستان کی کوئی اور شکل پیش کی گئی ،اصل پاکستان کی تصویر دنیا میں کم دیکھی گئی ہے ،ہمارا دین اسلام محبت اور احترام کا درس دیتا ہے ،ٹیکسلا کی تہذیب دنیا کی قدیم تہذیبوں میں سے ہے، وقت بہت تیزی سے گز رہا ہے ، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے ، اورنج فیسٹیول کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارک باد دیتا ہوں ۔

(جاری ہے)

وہ ٹیکسلا میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ اورنج فیسٹیول کے انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، اس قسم کی تقریبات کا انعقاد سیاحت کے فروغ کا باعث بنتا ہے ، ٹیکسلا قدیم شہر ہے اور اس کی تہذیب دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وقت بہت قیمتی ہے ہمیں وقت اور اپنی قدیم تہذیب کی قدر کرنی چاہیے ، ہمارا دین اسلام ، محبت اور احترام کا درس دیتا ہے ہمیں ان چیزوں کو مزید فروغ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کے خدشات ایک ادارے تک محدود نہیں ہیں اور وزیراعظم نوازشریف نے کسی ایک ادارے سے متعلق بات نہیں کی بلکہ ان تمام اداروں کی بات کی ہے جو ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اداروں کے ساتھ ایمانداری سے کام کرنیوالوں کو تحفظ دیں، نیب کے بعض اقدامات کے باعث بعض افسر خوفزدہ ہیں وہ گھبرائیں نہیں انہیں مکمل تحفظ فراہم کریں گے، تاہم فیصلوں میں تاخیر بھی ترقی کام کے راہ میں رکاوٹ کی وجہ بنی ۔

انہوں نے کہاکہ آمریت کے دور میں فیصلے بند کمروں میں ہوتے رہے اب جمہوریت ہے اور وزیراعظم نے اس لئے کھل کر سب کے سامنے بات کی ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان پہلے اسی چیئرمین نیب کے خلاف باتیں کرتے رہے اور پٹیشن بھی عدالت میں دائر کی تھی اور اب اچانک عمران خان کو ان سے کیسے ہمدردی پیدا ہو گئی اور کپتان ان کے حق میں بول اٹھے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کسی کے ”پر“ نہیں کاٹے لیکن جب ناخن بڑھ جائیں تو انہیں کاٹنا ضروری ہو جاتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت احتساب کے عمل کو شفاف بنائے گی اور نیب میں اصلاحات لائی جائیں گی اس حوالے سے تمام سیاسی و پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت اور تجاویز لی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں گزشتہ 65سالوں میں اتنے ترقیاتی کام نہیں ہوئے جتنے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں شروع کیے ہیں ، مسلم لیگ (ن) کی کوشش تھی کہ ڈھائی سالوں میں پانچ سالوں کا کام مکمل کریں مگر اس کی راہ میں عمران خان کا دھرنا آڑے آ گیا اور عمران خان کے دھرنے نے ترقیاتی کاموں کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کیں ، تحریک انصاف نے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے موٹروے بنائی تو اسے پورا پاکستان استعمال کرتا ہے اور اس پر صرف نوازشریف کی گاڑی نہیں بلکہ عمران خان کی پجارو بھی بھاگتی ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ بجلی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور بجلی کے آنے پر صرف ن لیگ کو ہی نہیں بلکہ تحریک انصاف کے کارکنوں اور لوگوں کو بھی فائدہ ہوگا ، اس لئے ہمیں کام کرنے دیا جائے اور ہمارے راستے میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ قطر سے گیس کی درآمد کے معاہدے کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے اور دنیا حیران ہے کہ پاکستان نے اتنی کم قیمت پر معاہدے کئے ، عالمی میڈیا نے پاکستان کے اس معاہدے کو سراہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایمانداری سے کام کرنیوالوں پر الزام تراشی حوصلہ شکنی کا باعث بنتی ہے ، حکومت ایمانداری سے کام کرنیوالوں کو سراہا رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کا پیغام آزاد کشمیر کے عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے ، نکیال واقعہ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی گرفتاریاں کی گئیں ،پولیس نے کارکنوں پر ڈنڈے برسائے ، آنسو گیس کا استعمال کیا ،نکیال واقعہ میں مرنے والے کی ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق جاں بحق شخص کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کو پٹھان کوٹ واقعہ سے تفصیلی آگاہ کیا اور پارلیمنٹ کسی بھی معاملے پر حکومت سے معلومات حاصل کرنے کا اختیار رکھتی ہے ، ہم نے تمام معاملات سے اراکین کو آگاہ رکھا نہ کہ ہم نے کسی سے کوئی بات چھپائی،انہوں نے کہاکہ پٹھان واقعہ کے حوالے سے عسکری و حساس اداروں سے مشاورت بھی مکمل کرلی گئی ہے ، ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی خواہش تھی کہ مردم شماری مارچ میں ہو جائے اور جس کے لئے فنڈز بھی جاری کررہی تھی ، مردم شماری کے حوالے سے صوبوں میں اتفاق رائے عملدرآمد کیا جائے گا اور اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں سندھ کی مختلف پارٹیوں کا اجلاس بھی ہورہا ہے۔