وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب سے داعش سمیت انتہاء پسند تنظیموں کی مکمل تفصیلات اور اعدادوشمار مانگ لیے

اتوار 21 فروری 2016 17:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 فروری۔2016ء) نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے تحت وفاقی وزارت داخلہ نے صوبائی وزارت داخلہ پنجاب سے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سمیت انتہاء پسند تنظیموں کی مکمل تفصیلات اور اعدادوشمار مانگ لیاہے ،پنجاب میں سیکورٹی اداروں نے سیکورٹی امور کو یقینی بناتے ہوئے کرایہ داروں سمیت مساجد اورامام بارگاہوں کا ڈیٹا اکٹھاکرنا شروع کردیا ہے ، مارچ میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں بڑے طرز کا آپریشن بھی متوقع ہے ۔

آن لائن ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی واضح ہدایات کے بعد پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے صوبہ بھر سے کرایہ داروں ، مساجد ،امام بارگاہوں سمیت انتہاء پسند تنظیموں کی مکمل تفصیلات جمع کرنا شروع کردی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں تمام تھانوں کی حدود میں واقع مساجد ،امام بارگاہوں اور شدت پسند تنظیموں کی مکمل تفصیلات تھانے میں جمع کروانے کے لیے ہدایات کردی گئی ہیں اور اس حوالے سے شہریوں کو مکمل معلومات دو ہفتے میں جمع کرانے کی ہدایات کی گئی ہیں جبکہ تفصیلات چھپانے اور وقت مقررہ پر جمع نہ کرانے والو ں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات کی گئی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق ان تفصیلات میں شہریوں کی تعداد ، رہائشی ثبوت ،کرایہ داروں کی تفصیل ،مساجد میں پڑھنے والوں کی تعداد ،رہائش پذیر افراد کی مکمل تفصیل ،دفاتر کا مکمل پتہ ،بینک اکاؤنٹ سمیت دیگر معلومات مکمل کرکے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیاجائے گا۔ذرائع کے مطابق مارچ میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں بڑے طرز کا آپریشن بھی متوقع ہے جس کے لیے سیکورٹی اداروں کو مکمل ساز وسامان سے آراستہ کیاجائے گاجبکہ رینجرز بھی آپریشن میں حصہ لیں گے۔

متعلقہ عنوان :