کراچی میں آپریشن کی بدولت شہر قائد کی معاشی،سماجی،ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں،ڈاکٹرعشرت العبادخان

گورنرسندھ کاعباسی شہید اسپتال میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ماہرین صحت اور مخیرافراد پر مشتمل بورڈ بنانے کی ضرورت پر زور

اتوار 21 فروری 2016 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 فروری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاہے کہ کراچی میں آپریشن کی بدولت شہر قائد کی معاشی،سماجی،ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں بحال ہوئی ہیں اور کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنتا جا رہا ہے جبکہ گورنرسندھ نے عباسی شہید اسپتال میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور اسے مزید فعال انداز میں چلانے کے لئے ماہرین صحت اور مخیرافراد پر مشتمل بورڈ بنانے کے ضرورت پر زور دیاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپتال کی ایمرجنسی،مختلف وارڈز اور لیبارٹری کے دورے کے موقع پر کیا۔پرنسپل سکرٹری محمد حسین سید،کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ اور میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی کراچی سمیع الدین صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ کسی بھی طبی ادارے میں مریضوں کے مفاد کو ہمیشہ فوقیت دی جانی چاہئیے اور اس اسپتال میں بھی ایسا ہی کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اسپتال کی ایمرجنسی ،اور لیب میں تمام طبی سہولیات اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسپتال شہر میں طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم ادارہ ہے جس پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اسپتال میں صحت و صفائی کی مجموعی صورت حال کو بہتر بنانے اور وارڈز کو صاف ستھرا رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

گورنرسندھ نے پرنسپل سکرٹری،میونسپل کمشنر اور سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو کہ اسپتال میں موجود سہولیات ،مسائل اور ضروریات کا جائزہ لے کر ان کے حل کے کئے سفارشات گورنر سندھ کو پیش کرے گی۔انہوں نے اسپتال میں لئے جانے والے یوزر چارجز(user charges)مکمل طور پر اسپتال کے اندر ترجیحاً ریڈیالوجی میں خرچ کرنے کی ہدایت کی جو کہ 50 فی صد اس وقت بلدیہ عظمی کے اکاؤنٹ میں جمع ہو جاتے ہیں۔

گورنر سندھ نے مریضوں کو کھانے کی عدم فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے اسپتال کے تمام حصوں خصوصاً راہداریوں میں سے سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثنا اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد اسپتال میں موجود سہولیات ،ضروریات اور مسائل کا ذاتی طور پر جائزہ لینا تھا تاکہ انہیں حل کرنے کے لئے ایک جامع حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن تمام متعلقہ محکموں اور اداروں سے رابطہ بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ شہر کے دیگر اسپتالوں کا بھی جلد دورہ کریں گے۔کراچی آپریشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ یہ نیشنل ایکشن پلان کی متعین کردہ حدود کے اندر کامیابی سے جاری ہے ۔رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن کے دوران بے مثال قربانیاں دی ہیں جس کا اعتراف پورے ملک کے عوام کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :