چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ پنجاب کی تمام تنظیمیں تحلیل کر دیں، ری آرگنائزنگ کیلئے تین کمیٹیوں کا قیام

سنٹرل پنجاب کیلئے کامل علی آغا، میاں منیر، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، باؤ رضوان اور دیگر کا تقرر ،تنظیم نو کا عمل تین ماہ میں مکمل کیا جائیگا‘ اجلاس میں فیصلے

اتوار 21 فروری 2016 16:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے اجلاس میں تمام تنظیموں کو تحلیل کر دیا گیا جبکہ آرگنائزنگ کے لئے تین کمیٹیاں قائم کر دی گئیں۔ چوہدری پرویزالٰہی کی رہائشگاہ پر منعقدہ اجلاس میں سینیٹر کامل علی آغا، رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ ، چوہدری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، احمد یار ہراج، ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، میاں منیر احمد، محمد خان لغاری، چودھری مقصود سلہریا نے شرکت کی۔

اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی تمام تنظیموں کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور تمام اضلاع میں تنظیم نو کیلئے تین آرگنائزنگ کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں جو تمام اضلاع کا دورہ کریں گی اور ضلعی اکابرین و رہنماؤں سے مشاورت کے بعد نئی تنظیم کیلئے عہدیداروں کا چناؤ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اپر پنجاب کی کمیٹی میں محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیر الدین اور عامر سلطان چیمہ، جنوبی پنجاب میں احمد یار ہراج، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، محمد خان لغاری، سنٹرل پنجاب کیلئے سینیٹر کامل علی آغا، میاں منیر احمد، ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، چودھری مقصود سلہریا، باؤ رضوان، تنویر اعظم چیمہ اور انجینئر شہزاد الٰہی شامل ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آرگنائزنگ کمیٹی جماعت کو مسلم لیگ کے آئین کے مطابق فعال کردار ادا کرنے کو یقینی بنائے گی، ہر ضلع میں معاونت کیلئے آرگنائزر کا تقرر کیا جائے گا، تمام ونگز کے عہدیداروں کا چناؤ باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عہدیداروں کے چناؤ کے بعد آرگنائزنگ کمیٹیوں کی سربراہی میں ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے، ہر پندرہ دن بعد کمیٹیاں اپنی کارکردگی صدر پاکستان مسلم لیگ پنجاب کو پیش کریں گی اور تنظیم نو کا عمل تین ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں تمام ونگز جن میں وکلاء، کسان، لیبر، یوتھ، خواتین، ڈاکٹرز اور اقلیتی ونگ کو ہدایت کی گئی کہ آرگنائزنگ کمیٹیوں کے دورہ کے موقع پر ان سے بھرپور تعاون کریں۔