علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے ریجنل ٹرینڈ کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی، خورشید برلاس

پاکستانی مصنوعات اپنے اعلی معیار ، جدت اور خوبصورتی کے اعتبار سے پوری دنیا میں پرکشش ہیں صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، وائیس چیئرمین عاصم محمود ملک

اتوار 21 فروری 2016 16:19

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 فروری۔2016ء) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی انٹرریجنل کوآرڈینیشن راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایم خورشید برلاس نے سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کوافغانستان ،وسط ایشائی ریاستوں اور افریقی ممالک تک پہنچانے کے لئے علاقائی تجارت کو فروغ دیا جائے گا۔

دنیابھر میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے وسیع مواقع موجود ہیں باہمی تجارت میں اضافے کیلئے ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے اور صدر آر سی سی آئی میاں ہمایوں پرویز کی سربراہی اور سٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کے تعاون سے پاکستانی مصنوعات کی نئی تجارتی منڈیاں تلاش کرکے تاجروں کو کاروبار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات کمیٹی کے ممبران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں صدر ایون صنعت و تجارت میاں ہمایوں پرویز نے خصوصی طور پر شرکت کی جنہوں نے کمیٹی اراکین کے جذبے اور باہمی تجارت کے فروغ کی کوششوں کو سراہا ۔ خورشید برلاس نے کہاکہ پاکستانی مصنوعات اپنے اعلی معیار ، جدت اور خوبصورتی کے اعتبار سے پوری دنیا میں پرکشش ہیں اور افغانستان ، وسط ایشائی ریاستوں اور افریقی ممالک میں پاکستانی مصنوعات کی زبردست مانگ موجود ہے جن کی برآمدات میں اضافے کے لئے ریجنل ٹریڈ کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی،انہوں نے کہاکہ ان کانفرنسوں میں بیرون ممالک پاکستانی سفارت کاروں اور ٹریڈ منسٹرزکو شریک کیا جائے تاکہ علاقائی سطح پر دو طرفہ تجارتی حجم میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جائے سکے۔

سٹینڈنگ کمیٹی انٹرریجنل کوآرڈینیشن کے وائیس چیئرمین عاصم محمود ملک نے کہاکہ خطے کے ممالک کے ساتھ ہر سطح پر باہمی رابطوں میں اضافے کے لئے کمیٹی کی مجلس عاملہ کے اراکین اپنی کاوشیں بروئے کار لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کی ترقی کے لئے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :