نیب کے پر کاٹنے کی کوشش حکمرانوں کے اپنے گلے بھی پڑ سکتی ہے‘ شیخ رشید

اسلام آباد سے منتخب میئر کی اہلیت صرف جاتی امراء ، مری میں حکمرانوں کی رہائشگاہوں کی کنسٹرکشن کی ذمہ داری ہے

اتوار 21 فروری 2016 16:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 فروری۔2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ موجودہ دور حکومت میں سفارتخانوں اور قومی اداروں کے سربراہوں کی ایک بھی تعیناتی میرٹ پرنہیں ہوئی ، اسلام آباد سے منتخب ہونے والامیئر مقامی رہائشی ہی نہیں اسے صرف جاتی امراء اور مری میں حکمرانوں کی رہائشگاہوں کی کنسٹرکش کی ذمہ داری کی وجہ سے نوازا گیا ،پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ اندر سے ملے ہوئے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کی زبان بولتے ہیں۔

ایک انٹر ویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اراکین اسمبلی اور وزراء میں سے چند ایک کے سوا باقی لوگوں کو کچھ نہیں سمجھتی ۔ اسی لئے (ن) لیگ کے اپنے لوگ بھی چاہتے ہیں کہ نیب کی کارروائی آگے بڑھے تاکہ قیادت کونظر انداز کئے ہوئے لوگوں کی بھی اہمیت محسوس ہو ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں بیرون ملک سفارتخانوں اور قومی اداروں کے سربراہوں کی ایک بھی تعیناتی میرٹ پر نہیں ہوئی ۔

کیا میئر اسلام آباد کی نامزدگی میرٹ پر ہے ؟،کیا لوگ نہیں جانتے جس شخص کو میئر بنایا گیاہے وہ اسلام آباد کا رہائشی ہی نہیں۔ صرف اس کی اہلیت یہ ہے کہ وہ جاتی امراء اور مری میں حکمرانوں کے گھروں کی کنسٹرکشن کے کام کی نگران تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اکثریت کے بل بوتے پر جو مرضی کرلیں لیکن عوام میں ان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے ۔

یہاں ماضی میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی لیکن سالوں گزرنے کے باوجود کسی پر ہاتھ نہیں ڈالا جا سکا۔ اگر موجودہ حکمرانوں کے منصوبوں میں اتنی ہی ’’ شفافیت ‘‘ ہے تو انہیں کس بات کا خوف ہے انہیں تو اپنے دعوؤں کے مطابق خود نیب کو جانچ پڑتا ل کی دعوت دینی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ نیب کے پر کاٹنے کی کوشش حکمرانوں کے اپنے گلے بھی پڑ سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :