نیشنل قومی ہاکی ٹیم کیلئے پشاورمیں ٹرائلز کا انعقاد

ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر سجاد کھوکھر، سیکرٹری شہباز سینئر سمیت اولمپئنز کی شرکت بہترین قومی ہاکی ٹیم کے انتخاب کیلئے سلیکشن کا دائرہ کار وسیع کردیاگیا ہے، سجاد کھوکھر

ہفتہ 20 فروری 2016 22:34

نیشنل قومی ہاکی ٹیم کیلئے پشاورمیں ٹرائلز کا انعقاد

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 فروری۔2016ء) نیشنل قومی ہاکی ٹیم کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاور میں ٹرائلز کا انعقاد کیاگیا جس میں 150 سے زائد کھلاڑیوں نے صوبہ بھر سے شرکت کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر سجاد کھوکھر، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر سابق اولمپئن خالد بشیر ، فرحت حسین ، مصدق حسین ،صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئر مین سعید خان ، سیکرٹری سید ظاہر شاہ ، حاجی ہدایت ، سید ضیاء الرحمان بنوری ، تحسین سمیت دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

سلیکشن کمیٹی نے تمام روز کھلاڑیوں کے کھیل کا جائزہ لیا منتخب کھلاڑیوں کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔ ٹرائلز کے موقع پر لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں بہترین انتظامات کئے گئے تھے اور ہر کھلاڑی کو میدان میں اپنے صلاحیت دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کیاگیا ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر سجاد کھوکھر کا کھلاڑیوں سے باقاعدہ تعارف بھی کرایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پشاور میں ہونے والے ٹرائلز پر اطمنان کا اظہار کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ بہترین قومی ہاکی ٹیم کے انتخاب کیلئے سلیکشن کا دائرہ کار وسیع کردیاگیا ہے اور اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے ملک کے تمام بڑے شہروں میں اوپن ٹرائلزکا انعقاد کیاگیا اور اس سلسلے میں پشاورمیں بھی تمام ہاکی کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں شرکت کی دعوت دی گئی جنہوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کراچی ، لاہور ، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے بعد پشاور میں اوپن ٹرائلز منعقد کئے گئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ صوبوں کے کھلاڑیوں کو بھی برابر توجہ دی جارہی ہے میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے والا کھلاڑی ہی قومی ٹیم میں جگہ بناپائے گا۔ ۔

متعلقہ عنوان :