دہشتگردی اور کرپشن نے ملکی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ، کرپشن کیخلاف نیب کے معاملات میں رکاوٹ ڈالنا درست نہیں ،نیب سمیت تما م اداروں کو آئینی حدود کے تحت کام کرنے دیا جائے ،جمہوری اقدارکواپناکرہی جمہوریت کو مضبوط بنایا جاسکتاہے سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کابیان

ہفتہ 20 فروری 2016 19:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 فروری۔2016ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور کرپشن نے ملکی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ، کرپشن کیخلاف نیب کے معاملات میں رکاوٹ ڈالنا درست نہیں ،نیب سمیت تما م اداروں کو آئینی حدود کے تحت کام کرنے دیا جائے ،جمہوری اقدارکواپناکرہی جمہوریت کو مضبوط بنایا جاسکتاہے ،آمرانہ سوچ سے ادارے کمزور اور ملکی دولت لوٹنے والے مضبوط ہونگے،کرپشن کی دولت سے ہی دہشتگردوں کو سہولتیں میسر آتی ہیں ،قومی دولت لوٹنے والے کسی صورت عوام کے ہمدرد نہیں ہوسکتے انہیں ہر حال میں قانون کے شکنجے میں لاناہی ہوگا،مرکزاہلسنّت سے جاری کردہ بیان میں ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کرپٹ عناصرملکی معیشت کو کمزورکرکے غریبوں کا پیٹ کاٹتے ہیں ،غریبوں کیلئے سارے قانون پوری طاقت کیساتھ استعمال ہوسکتے ہیں تو ملکی دولت لوٹنے والوں کو قانون کے شکنجے میں جکڑنے میں کیا قباحت ہے ؟قانون کو امیر غریب کی تفریق پر استعمال کیا جاتا رہا تو اس کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے ،مجرم چاہے کوئی بھی ہواسکے خلاف قانون پر عمل درآمد کیا جاناچاہیے،انکا مزیدکہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں سے ہٹ کر اداروں کے خلاف فیصلے آئین کی روح کے خلاف ہیں ،اداروں کو مضبوط کرکے ہی ملک سے کرپشن اوردہشتگردی جیسی لعنتوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ،شخصیات کے بجائے اداروں کو مستحکم بنایا جائے ۔