Live Updates

کشمیر پی ٹی آئی یوتھ کنونشن میں نوجوانوں کی فقیدالمثال شرکت نے ثابت کر دیا نوجوان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں تحریک انصاف کے جھنڈے تلے جمع ہو چکے،بیرسٹر سلطان چوہدری

آمدہ الیکشن میں یوتھ کے نوجوانوں کا کردار انتہائی فیصلہ کن ،کلیدی نوعیت کا ہو گا،اقتدار میں آ کر نوجوانوں کو اس قدر بااختیار کرینگے کہ وہ اپنے مسائل خود حل کرنے کے قابل ہو جائینگے، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

ہفتہ 20 فروری 2016 17:01

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 فروری۔2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرپور کشمیر پی ٹی آئی کے یوتھ کنونشن میں نوجوانوں کی فقیدالمثال شرکت نے ثابت کر دیا کہ ریاست کے نوجوان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں تحریک انصاف کے جھنڈے تلے جمع ہو چکے ہیں۔آمدہ الیکشن میں یوتھ کے نوجوانوں کا کردار انتہائی فیصلہ کن اور کلیدی نوعیت کا ہو گا ۔

تحریک انصاف نوجوانوں کی جماعت ہے ہمارا منشور ہی یہ ہے کہ ہم معاشرے کے اندر نوجوانوں کو فعال اور بااختیار بنانا چاہتے ہیں۔ایسا اسی صورت میں ممکن ہو سکتا ہے جب نوجوانوں کو سیاست میں عملی کردار ادا کرنے کیلئے بااختیار کیا جائے ۔ہم اقتدار میں آ کر نوجوانوں کو اس قدر بااختیار کر دینگے کہ وہ اپنے مسائل خود حل کرنے کے قابل ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کے اندر تحریک انصاف نے جو بدل دو کشمیر کا نعرہ دیا ہے اس کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے نوجوان اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ریاست کے اندر تاریخ کی بد ترین حکومت قائم ہے اس بدترین حکومت نے جہاں کرپشن کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے وہاں پر اس نے میرٹ کی پامالی کی بھی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ۔گزشتہ 5سالوں میں ملازمتوں کے دروازے اپنے من پسند افراد تک محدود کیئے رکھے ۔

جس کی وجہ سے آج ریاست کے اندر پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری اور دربدری کا شکار ہیں۔تحریک انصاف اقتدار میں آ کر فی الفور میرٹ کی بحالی کو یقینی بنائے گی تاکہ حق دار کو اس کا حق مل سکے ۔آج میرپور میں کامیاب اور تاریخی کنونشن کے انقعاد پر چودھری عباس رضا اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔آپ لوگوں نے اس کامیابی کے بعد کوٹلی کے جلسے کی کامیابی میں بھی تاریخی رول ادا کرنا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان نے میرپور میں انصاف یوتھ ونگ کے زیر اہتمام کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے پی ٹی آی کے مرکزی چیف آرگنائزر چودھری ظفر انور یوتھ ونگ کے مرکزی صدر چودھری عباس رضا ،مصدق خان ،ڈویژنل صدر ابرار نیاز نمبردار ایڈووکیٹ ،سینئر وائس صدر چودھری عنصر ٹئگر فورس کے مرکزی چیف آرگنائزر راجہ بابر ،ضلعی صدر چودھری عدیل ،ضلعی صد ر بھمبر راجہ آصف ،سٹی صد ر انیس شاہ ،ضلعی صدر ٹائگرفورس چودھری شکیل،چودھری اعجاز،مرزا رضوان ،راجہ عدنان ،خواجہ عثمان ،مرزا رب نواز،عبدالشکور بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پرحمید پوٹھی ، یاسر سلطان ،مرکزی سیکرٹری پبلسٹی نصیر احمد چودھری ایڈووکیٹ ،ڈویژنل صدر چودھری ایوب،چودھری محمد صدیق ،نمبردار نیاز ،عمر شہزاد ،چودھری محمد منشاء، ،چودھری امجد،شوکت جنجوعہ اور دگر بھی موجود تھے چیف آرگنائزر پی ٹی آئی چودھری ظفر انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری ریاست کے اندر نوجوان تحریک انصاف میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں یہ اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ عمران خان کے نظریات ریاست کے اندر تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔

کامیاب یوتھ کنونشن پر چودھری عباس اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔مرکزی صدر یوتھ ونگ چودھری عباس رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی قیادت میں نوجوان متحد ہیں آنے والے الیکشن میں یوتھ ونگ جماعت کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کرے گا ۔آج کے کنونشن کو کامیاب بنانے میں یوتھ کے تمام عہدیداران اور کارکنان نے جس انداز میں میرا ساتھ دیا میں آپ تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

بیرسٹر سلطان محمود نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر مک مکا کی بدبو دار اور غلیظ سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے ۔پاکستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی اب مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی آپس میں نورا کشتی لڑ رہے ہیں عوام ان کے اصل اور مکروہ کردار سے واقفیت حاصل کر چکے ہیں۔تحریک انصاف تنِ تنہا عوامی عدالت میں مک مکا کی سیاست کرنے والوں سے معرکہ لڑ کر تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گی ۔

ریاست کے اندر فلائی حکومت کے قیام کے بعد ہم جہاں کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے وہیں ہم کشمیر کو حقیقی معنوں میں آزادی کا بیس کمپ بنائیں گے ۔دریں اثناء اس سے قبل میرپور میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن حلقہ چکسواری کے مرکزی راہنماء راجہ امجد حمید نے مسلم لیگ ن سے اپنی 25سالہ رفاقت چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ۔

شمولیت کا اعلان انھوں نے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی موجودگی میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ ریاست کے اندر نظام کی تبدیلی کے خواہش مند لوگ جوق در جوق تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں یہ اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ آزاد کشمیر کے اندر عمران خان کا ویژن لوگوں کے دلوں میں اتر رہا ہے ۔

راجہ امجد حمید کا شمار مرحوم کیپٹن سرفراز کے انتہائی قریبی اور جانثار ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ان کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے حلقہ چکسواری میں ہماری جیت یقینی ہو چکی ہے ۔میں راجہ امجد حمید اور ان کے ساتھ شامل ہونے والے لوگوں کو اس بات کی مکمل ضمانت دیتا ہوں کہ تحریک انصاف میں ان کی عزت نفس کا پورا پورا خیال رکھا جائے گا۔حلقہ چکسواری پر جو شخص مسلط ہے ۔

بہت جلدلوگوں کو اس کی نخوست سے نجات ملنے ولی ہے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیف آرگنائزر چودھری ظفر انور،راجہ مصدق،چودھری ایوب،چودھری محمد صدیق ایڈووکیٹ ،چودھری منشاء ،چودھری تیمورنے مشترکہ طور پر راجہ امجد حمید کو مسلم لیگ ن چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ راجہ امجد حمید تحریک انصاف میں خوبصورت اضافہ ہیں ۔

ہم ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے ۔اس موقع پر راجہ امجد حمید نے کہا کہ حلقہ چکسواری میں مسلم لیگ ن کے پاس ووٹ کم ہیں اور لیڈر زیادہ ہیں۔ان لیڈران کی موجودگی میں مجھ جیسے کارکن کو جماعت کے اندر رہ کر کوئی موثر رول ادا کرنے کا موقع نہیں مل سکتا تھا ۔تحریک انصاف نئی روشنی ہے ۔تحریک انصاف کی لیڈر شپ بے باک ہے اور بے لوث ہے ۔چودھری مجید برادری کا نعرہ لگا کر الیکشن جیتتے چلے آئے ہیں۔انھیں اب پتا چلے گا کہ الیکشن کس چڑیا کا نام ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات