آزادکشمیرکے صحافیوں کو معاشرے میں جائز مقام دینے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں،سردارعابدحسین عابد

ہفتہ 20 فروری 2016 16:33

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 فروری۔2016ء)آزادکشمیرکے وزیراطلاعات سردارعابدحسین عابد نے کہاہے کہ آزادکشمیربھرکے صحافیوں کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پریس فاؤنڈیشن کا قیام ایک منفرد اقدام ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ مارچ کے مہینے میں ہی تقسیم ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوگی جس میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل صحافیوں کوایوارڈز دیئے جائیں گے۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے آج یہاں کشمیرپریس کلب میرپورمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت صدرپریس کلب محمدظفیربابانے کی۔ اس موقع پرڈائریکٹرجنرل تعلقات عامہ راجہ اظہراقبال بھی موجود تھے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ موجودہ حکومت نے صحافیوں کوبہترسہولیات مہیاکرنے کے لیے انقلابی اقدام ات کیے ہیں جن میں صحافیوں کوگریڈ17 کے آفیسرز کے مساوی علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کرنااپنی نوعیت کاایسا قدم ہے جس کی پورے خطے میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیاسے وابستہ کارکن صحافیوں کونہ صرف علاج معالجے کی سہولیات مہیاکی جارہی ہیں بلکہ ان کی پنشن کے معاملات کو بھی حتمی شکل دی جارہی ہے۔ کارکن صحافیوں کومتعلقہ ادارہ جات سے معاوضہ دلائے جانے کے لیے بھی حتی الوسیع کاوشیں کی جارہی ہیں۔ سردار عابد حسین عابد نے کہاکہ جہاں جملہ مراعات صحافیوں کا حق ہے وہاں ان کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ کوفروغ دیں اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کریں۔

انھوں نے کہاکہ میرپورپریس کلب ایک بہترین ادارہ ہے جس کی اپنی عمارت، لائبریری اور دیگرشعبہ جات ہیں اگر اسے آزادکشمیرکابہترین پریس کلب کہاجائے تو بے جانہ ہوگا۔ سردارعابد نے کہاکہ صحافت کے معیار کوبرحال برقراررکھناچاہیے اور وہی لوگ اس پیشے سے وابستہ ہوں جن کے اندراہلیت وصلاحیت ہو۔ اس مقصد کے تحت پریس فاؤنڈیشن کی رکنیت کے لیے باقاعدہ قواعد وضوابط وضع کے جارہے ہیں تاکہ اہل لوگ سامنے آئیں اور یہی ضوابط پریس کلبز کی رکنیت کے لیے بھی اختیار کرنے چاہیں۔

انھوں نے کہاکہ پریس کلب کی توسیع اور دیگرضروریات کی فراہمی کے لیے آمدہ بجٹ میں رقم مختص کرالی جائے گی۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے آزادکشمیرکے ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ راجہ اظہراقبال نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیراور وزیراطلاعات کی رہنمائی میں محکمہ تعلقات عامہ کوفعال بنانے کے لیے بھرپوراقدامات کیے جارہے ہیں اور ریاستی اورملکی اخبارات کواشتہارات خالصتاً میرٹ کی بنیاد وں پردیئے جارہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ تقسیم ایوارڈ کی تقریب کے بعد صحافیوں کوبین الصوبائی دورے پربھیجنے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ راجہ اظہراقبال نے کہاکہ محکمہ اطلاعات محدود وسائل کے باوجود وزیراطلاعات کی ہدایات پرسختی سے عمل پیرا ہے اور ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں کہ ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد اور محکمہ کے تعلقات کارمیں اضافہ ہواہے۔ تقریب سے صدرپریس کلب ظفیربابا، جنرل سیکرٹری پریس کلب شجاع عزیزجرال، راجہ حبیب اللہ، امین بٹ، رانا شبیر راجوروی ، راجہ سہراب خان، ظفرمغل اور دیگرصحافیوں نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پروزیراطلاعات سردارعابدحسین عابد کویادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔