ساڑھے چارسالوں میں پیپلزپارٹی حکومت کو مخصوص مافیانے کام نہیں کرنے دیا،چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 20 فروری 2016 16:33

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 فروری۔2016ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ ساڑھے چارسالوں میں پیپلزپارٹی کی حکومت کو ایک مخصوص مافیانے کام نہیں کرنے دیا۔ ایجوکیشن مخالفین قوم کو اندھیروں میں رکھناچاہتے ہیں۔ آزادکشمیرمیں چھ یونیورسٹیاں اور تین میڈیکل کالج ہم نے بنائیں ہیں۔ میرپورمیں ملٹری کالج اور جنوب ایشیاء کی سب سے بڑی اسلامی جامع کھڑی شریف کا بھی سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

آزادکشمیر میں غریب لوگوں کے بچوں کو جدید میڈیکل اور سائنس کی تعلیم دینے سے ہی معاشی واقتصادی انقلاب آئے گا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی بہترین یونیورسٹی ہوگی۔ محترمہ بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل یونیورسٹی کے لیے ایک ماہ میں تمام فنڈز سمیت دیگر ضروریات پوری کریں گے۔

(جاری ہے)

میڈیکل یو نیورسٹی کے لیے ساڑھے تین ہزار کنال رقبہ مختص کردیاگیاہے جبکہ میڈیکل یوتھ ہاسٹلز کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔

آزادکشمیرکے میڈیکل کالجوں میں مقبوضہ کشمیرکے طلباء وطالبات کے لیے مخصوص نشستیں اور انھیں مفت تعلیم کی سہولیات دے رہے ہیں۔ آزادکشمیرمیں میڈیکل کالجز اور میڈیکل یونیورسٹی کا قیام شہید جمہوریت محترمہ بے نظیربھٹوکا ویژن اور خواب تھا ہم نے اپنی قائد کے ویژن کی تکمیل کی۔ شہید جمہوریت کی کشمیریوں سے بھرپورکمٹمنٹ تھی اسی لیے انھوں نے کہاتھاکہ جہاں کشمیریوں کاپسینہ گرے گا وہاں بے نظیرکالہوگرے گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ محترمہ بے نظیربھٹوشہیدکے خوابوں کی تکمیل کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ شہید جمہوریت کامشن انسانیت کی خدمت کاتھا پیپلزپارٹی کی حکومت شہداء کربلاکاعلم اٹھائے ہوئے ہے جس کی تکمیل کے لیے آزاد حکومت اپنا بھرپورکرداراداکررہی ہے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے محترمہ بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی میں نئے ٹرانسپورٹ فلیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

افتتاحی تقریب سے سابق ممبرکشمیرکونسل چوہدری محمدسلیمان، صدر ڈسٹرکٹ بارراجہ ذوالفقاراحمد ایڈووکیٹ اور پرنسپل پروفیسرڈاکٹرمیاں عبدالرشید نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پروزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، وزیراعظم کے میڈیاایڈوائزر چوہدری یاسرممتاز، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر بشیرچوہدری، قائمقام ڈپٹی کمشنرچوہدری حق نواز، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ڈی ایچ او ڈاکٹراصغرعلی، پی ایم اے کے صدر ڈاکٹراحسان الحق سمیت کالج کی فیکلٹی اور طلباء وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پروزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے محترمہ بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز یو نیورسٹی کے لیے نئی ٹرانسپورٹ فلیٹ کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ محترمہ بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی میرپورآزادکشمیرکوایشیاء کی بہترین میڈیکل یونیورسٹی بنادیں گے جس کے لیے فنڈز سمیت تمام ضروریات پوری کریں گے۔

انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں ایسا تعلیمی نظام تعلیم رائج کیاہے جس سے آزادکشمیرکے غریب طلباء وطالبات کو جدیدتعلیم کے مواقع ان کی دہلیز پرمل رہے ہیں۔آزادکشمیرمیں جدیدتعلیم کے فروغ سے علم دشمن ہمیں یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالج بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرکی یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالجز غریب لوگوں کے لیے بنائے ہیں ان کا تحفظ مرتے دم تک کروں گا۔

انھوں نے کہاکہ لینڈ مافیا، استحصالی کلچر اور ایجوکیشن مخالف عناصر کا خاتمہ کریں گے۔ عوامی مفادات اور ریاست کی خوداری پرکوئی کمپرومائز نہیں کریں گے اور نہ ہی کشمیریوں کی عزت وناموس کونیلام ہونے دیں گے۔ انھوں نے کہاکہ میری حکومت نے جوانقلابی اقدامات اٹھائے اس پرمیں کسی معاوضہ کا طلب گارنہیں ہوں مجھے یہی خوشی ہوتی ہے کہ ایک غریب کابچہ ڈاکٹراور انجینئر بن کرریاست کے مستقبل کو تابناک بنائے گا۔

انھوں نے کہاکہ ہم نے ادارے بنائے ہیں کوئی بھی ادارہ راتوں رات ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا ۔ اکسفورڈ اور کیلیفونیا کی ترقی میں ہزاروں سال لگے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اگرمیں ساڑھے چارسالوں میں مخالفین کی باتوں میں لگارہتاتو آج یہ ادارے نہ بنتے۔ میرامشن اور منزل غریب لوگ تھے جن کی دعاؤں کے صدقے آزادکشمیرمیں میگاپراجیکٹس کامیابی سے مکمل ہورہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیرمیں میڈیکل کالجز کا قیام محترمہ بے نظیر بھٹو کا ویژن تھا ہم نے ایک ہی وقت میں تین میڈیکل کالجز بنائے اور 6 یونیورسٹیاں قائم کیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ میرپورمیں ملٹری کالج اور الاظہرطرز کی اسلامک یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے شہداء کربلااورنواسہ رسول کا علم اٹھارکھاہے۔ میری جان بھی عوام کے لیے حاضرہے۔

اس موقع پرپرنسپل محترمہ بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹرمیاں عبدالرشید، سابق ممبرکشمیرکونسل چوہدری سلیمان اور صدربار ذوالفقاراحمد راجہ ایڈووکیٹ نے وزیراعظم کی علم دوستی کے لیے خدمات پرانھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت نے ایجوکیشن اور ہیلتھ کے شعبہ میں خصوصی توجہ دیتے ہوئے جوکارہائے نمایاں سرانجام دیئے وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ مقررین نے کہاکہ ایک وقت تھا کہ آزادکشمیرمیں پرائمری سکول تک رسائی نہ تھی جبکہ آج وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے جدید تعلیم تک رسائی خطہ کے غریب لوگوں کوان کی دہلیز پرپہنچادی ہے۔ یہی عوامی وزیراعظم سے لوگوں کی توقعات ہیں جووزیراعظم نے پوری کردی ہیں۔