لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اعجازالاحسن نے کہا ہے کہ مردوں کے معاشرے میں خواتین ججز کے آگے بڑھنے کا رجحان قابل ستائش ہے،،،خواتین ججز کو ایسا ماحول فراہم کریں گے جس سے وہ بلا خوف وخطر اپنے فرائض سرانجام دے سکیں

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 20 فروری 2016 11:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 فروری۔2016ء) فلیٹیز ہوٹل لاہور میں خواتین ججز کی کانفرنس کے موقع پر پنجاب بھر کی خواتین ججز نے شرکت کی۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اعجازالاحسن نےکہا کہ عدلیہ میں خواتین ججز کی تعیناتی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں۔

خواتین کومعاشی،سیاسی،فکری اور دیگر شعبوں میں آگے لانا ہو گا ۔

(جاری ہے)

ضلعی عدلیہ کی خواتین ججز ہماری ٹیم کا حصہ ہیں،خواتین ججز قانونی پیچیدگیاں حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل جسٹس ریٹائرڈ شاہد سید نے کہا کہ خواتین ججز کی مشکلات سے آگاہ ہیں،خواتین ججز کو عدالتی سماعت کے دوران مرد ججز کی نسبت زیادہ دباو کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر اس کے باوجود انکی کارکردگی قابل ستائش ہے۔

خواتین ججز کے اعتماد میں اضافے کے لئے انہیں گھروں کے قریب تعینات کیا جانا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ گھر سے دورتعیناتی کرتے ہوئے خواتین ججز کو رہائشی سہولت فراہم کی جانی چاہئے اور ان کی عدالتوں میں خواتین پر مشتمل عملہ تعینات کیا جانا ضروری ہے۔