کچھی عوام کے مسائل کو پس پشت ڈالنے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا، کراچی بھر میں آباد کچھی عوام منظم و متحد ہیں ،عبدالرزاق کچھی

جمعہ 19 فروری 2016 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء) بن قاسم ٹاؤن ابراہیم حیدری میں کچھی رابطہ کمیٹی کی جانب سے یوم تاسیس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کچھی رابطہ کمیٹی کے مرکزی رہنماؤں عبدالرزاق کچھی ، حاجی سلیم کچھی ، کاشف کچھی ، عرفان کچھی ، محمد صدیق کچھی نے کہا کہ کراچی کو آباد کرنے میں کچھی عوام کا کردار نمایاں ہے ، ہمارے آباؤ اجداد کی محنت اور قربانیوں کی بدولت اس شہر کی بستی بستی آج آباد ہے، جو قوتیں کچھی عوام کے حقوق غضب کرتے آرہے ہیں انکا ہر سطح پر محاسبہ کیا جائے گا، جس طرح محنت و مشقت سے اس شہر کی ترقی میں کردار ادا کیا ہے اسی طرح اس شہر کی تمام تر رونقوں کو بحال کرنے میں کچھی عوام اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتے رہینگے، اس موقع پر کچھی رابطہ کمیٹی کے ساتویں یوم تاسیس کے سلسلہ میں کیک کاٹا گیا․ کچھی عوام اپنے اتحاد ، بقاء اور ترقی کے فلسفے پر گامزن ہیں ․ لیاری ، کیماڑی ، اولڈ سٹی ایریا ، ملیر ، بن قاسم ٹاؤن ، گڈاپ ٹاؤن ، نیو کراچی ، ماڑی پور بلدیہ سمیت کراچی بھر میں آباد کچھی عوام کے مسائل میں وقت بہ وقت اضافہ کیا جاتا رہا، کچھی نوجوانوں ، بزرگوں ، ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں کی قربانیوں اور عظیم تراتحاد کی بدولت غاضب کی ہر سازش کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں،کراچی بھر میں آباد کچھی عوام یوم تاسیس میں بھرپور شرکت کرینگے ․ کچھی عوام کے ساتھ ہونے والی ان تمام زیادتیوں اور ناانصافیوں کو ہم اپنے اتحاد کی بدولت ختم کرینگے․