نیشنل پارٹی نے نظریاتی ورکروں کی مخلصانہ جدوجہد کی بدولت بی این پی عوامی کی15سالہ سیاہ دور کاخاتمہ کیا، محمدجان دشتی

کنبہ پرست شخصی پارٹی کی جانب سے تربت میں ڈیٹ فیکٹری اوربسول کہن میں غریب عوام کی اراضیات پر قبضہ واگزار کرایا، سیاہ دور کی کارستانیاں عوام کے سامنے لائیں گے ، صوبائی یوتھ سیکرٹری کاخطاب

جمعہ 19 فروری 2016 21:03

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء ) نیشنل پارٹی کے صوبائی یوتھ سیکرٹری محمدجان دشتی ‘ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کے پولیٹیکل سیکرٹری چیئرمین حلیم بلوچ اور صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن مشکور انوربلوچ نے کہاہے کہ نیشنل پارٹی نے نظریاتی ورکروں کی مخلصانہ جدوجہد کی بدولت بی این پی عوامی کی15سالہ سیاہ دور کاخاتمہ یقینی بناکر کنبہ پرست شخصی پارٹی کی جانب سے تربت میں ڈیٹ فیکٹری اوربسول کہن میں غریب عوام کی اراضیات پر قبضہ واگزار کرایا ہے ‘ 15سالہ سیاہ دور کی کارستانیاں عوام کے سامنے لائیں گے تاکہ کاروباری لوگ سیاست کالبادہ اوڑھ کر عوام کومزید گمراہ نہ کرسکیں ‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کے ضلعی دفتر میں ورکروں سے گفتگوکے دوران کیا انہوں نے کہاکہ 15سال تک سرکاری خزانہ لوٹنے والے اب عوام کاجان چھڑائیں اور دبئی جاکر اپنے کاروبار کوسنبھالیں ‘ گزشتہ چار سال سے سنیٹر فنڈز کہاں خرچ ہورہے ہیں ‘ کسی نے سنیٹرفنڈز سے ایک اینٹ کہیں رکھتے ہوئے نہیں دیکھا ہے چونکہ بی این پی عوامی شخصی پارٹی ہے اس لئے کسی ورکرکو یہ پوچھنے کا حق بھی نہیں دیاجاتا کہ سنیٹرفنڈز سے متعلق پوچھے ‘ نیشنل پارٹی ایک وژن کے تحت جدوجہد کررہی ہے نیشنل پارٹی کے سامنے بلوچستان اوربلوچ کامستقبل ہے مگر صلاحیت ‘اہلیت اور وژن سے عاری کنبہ پرستوں نے کرپشن ‘لوٹ مار میں پی ایچ ڈی کی ہے اور اس معاملہ میں اس کاکوئی ثانی نہیں ‘ سابق آمرمشرف کے بلدیاتی دورمیں کاغذوں کی حدتک تربت کی تمام سڑکیں سونے چاندی کے بنائے گئے ہیں تمام سڑکیں ڈبل روڈ اور ان کے درمیان درخت ‘اسٹریٹ لائٹس وغیرہ دکھائے گئے ہیں مگر عملاً یہاں کھنڈرات اور ابلتے گٹرلائنوں کے سوا سڑک اور سیوریج لائن نام کی کوئی چیز نہیں تھی اس لئے عوام نے ان کا ایک احتساب2013؁ء میں کیا اور دوسرا محاسبہ2018؁ء میں کریں گے جو کنبہ پرست شخصی پارٹی کی پیٹھ میں آخری کیل ثابت ہوگی ‘ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی لفاظی کی سیاست نہیں کرتی ‘ نیشنل پارٹی ڈھائی سال کے دورمیں شاندار کارناموں کی ایک طویل فہرست رکھتی ہے اورانشاء اﷲ اس فہرست میں مزید اضافہ ہوتاجائے گا ‘ نیشنل پارٹی کی بدولت تربت یونیورسٹی کی تعمیر‘مکران میڈیکل کالج کی تعمیر‘تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ ‘ ڈیٹ پروسیسنگ فیکٹری اینڈ کولڈ اسٹوریج کی تعمیر‘ تربت ہائی کورٹ ریگولر بنچ کا قیام ‘ میرانی ڈیم متاثرین کے معاوضوں کی8سال بعدمنظوری‘ کلچرل سینٹر کی تعمیر ‘ ایلمنٹری کالج تربت ‘ بوائز کالج تربت ‘گرلز کالج تربت میں بڑے پیمانے پر تعمیراتی کاموں کا آغاز ‘کوشقلات کے سیلاب متاثرین کی 7مرلہ اسکیم سری کہن کی اراضی پر آبادکاری‘ 5ہزار سے زائد پیکیج اساتذہ کی مستقلی ‘ 7ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مستقلی‘ سینکڑوں بے روزگاروں کومیرٹ پرملازمتیں دلانا ‘ بس ٹرمینل کی تعمیر ‘ تربت شہرکی گلی محلوں میں سڑکوں اور سیوریج لائنوں کاجال بچھانا ودیگر ان گنت منصوبے جاری ہیں ۔

متعلقہ عنوان :