گریٹر اقبال پراجیکٹ میں تحریک پاکستان کا ہسٹری میوزیم بنے گا ‘ تحریک پاکستان کے ہیروز کیلئے نیشنل ہیروز گیلری بھی بنائی جائے گی، سٹوری ٹیلر بنچ بھی منصوبے کا حصہ ہونگے‘پاکستان قائداعظمؒ کی عظیم اور ولولہ انگیز قیادت میں حاصل کیا گیا ، آگ اور خون کے دریا عبور کئے گئے‘ نئی نسل کو تحریک پاکستان کے دوران دی جانیوالی اسلاف کی عظیم قربانیوں سے روشناس کرانا قومی ذمہ داری ہے‘ گریٹر اقبال پراجیکٹ اعلیٰ معیار کا شاہکار اور سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہوگا

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعہ 19 فروری 2016 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گریٹر اقبال پراجیکٹ کے مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے اور عظیم وطن کیلئے آگ اور خون کے دریا عبور کئے گئے۔

تحریک پاکستان ایک ایسی جدوجہد ہے جس کی تاریخ عالم میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ نئی نسل کو تحریک پاکستان کے دوران دی جانے والی اسلاف کی عظیم قربانیوں سے روشناس کرانا ایک قومی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں تحریک پاکستان اور قومی ہیروز کی لازوال قربانیوں کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے گریٹر اقبال پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ منصوبہ ایشیا میں تاریخی اعتبار سے ایک منفرد اور اپنی نوعیت کا پہلا پراجیکٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبے میں تحریک پاکستان کے حوالے سے ہسٹری میوزیم بنایا جائے گا اور تحریک پاکستان کے قومی ہیروز کیلئے نیشنل ہیروز گیلری بھی بنے گی جس میں تحریک پاکستان کے ہیروز کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی اور تحریک پاکستان کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی پروگرامز بھی منعقد ہوں گے جبکہ سٹوری ٹیلر بنچ بھی گریٹر اقبال پراجیکٹ کا حصہ ہوں گے ۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ حصول پاکستان کی منزل کی جانب سفر کے حوالے سے آڈیو، ویڈیو سینٹر کا قیام بھی عمل میں لانے کا جائزہ لیا جائے اور اس ضمن میں مکمل منصوبہ بندی کرکے حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو حصول پاکستان کیلئے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنے کیلئے یہ منصوبہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے لہٰذا سٹیئرنگ کمیٹی منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائے۔

انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پراجیکٹ اعلیٰ معیار کا شاہکار اور سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہوگا جو نہ صرف پاکستان کی ثقافت اور تاریخی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ نئی نسل کو تحریک پاکستان کی اہمیت اور قومی ہیروز کی کاوشوں اور قربانیوں سے آگاہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کوبہترین تفریحی سہولتیں بھی میسر آئیں گی۔ڈی جی والڈ سٹی لاہور، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور، ڈی جی پی ایچ اے، یوسف صلاح الدین اور سٹیزنز آرکائیو آف پاکستان کی نمائندہ خواتین نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :