حقوق العباد کی ادائیگی کے بغیر حقوق اﷲ کی قبولیت ممکن نہیں ‘ ڈاکٹر راغب نعیمی

اﷲ تعالیٰ کی عبادت کے بعد سب سے بڑی نیکی والدین سے اچھا سلوک ہے،ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

جمعہ 19 فروری 2016 19:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء) معروف دینی اسکالر وناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ حقوق العباد کی ادائیگی کے بغیر حقوق اﷲ کی قبولیت ممکن نہیں ہے ،اﷲ تعالیٰ کی عبادت کے بعد سب سے بڑی نیکی والدین سے اچھا سلوک ہے، اسلام سے پہلے آسمانی مذاہب میں بھی احترام والدین کا تصورموجود ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعۃ المبارک کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ والدین مقدس رشتہ ہے اور والدین کے نہ صرف بہت سے اسلام نے حقوق متعین کئے ہیں بلکہ ان کو احترام کا مقام دیاہے ۔آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ حقوق العباد کے متعلق اسلام کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔مختلف پروگراموں کے ذریعے عام کرکیاجائے اورمعاشرے کے تمام طبقات اس معاملے میں اہم کردار اداکریں تاکہ مسلم معاشرے میں والدین اور بزرگوں کو ان کا جائز مقام مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ والدین کے ساتھ حسن سلوک اﷲ تعالیٰ کے نزدیک بہت بڑا درجہ رکھتا ہے۔قرآن کریم میں حکم ہے کہ ’’اور ماں باپ کے ساتھ اچھا سلوک کرو، اگر بڑھاپے کو پہنچ جائیں تیری زندگی میں ان دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں، تو انہیں اف تک مت کہو۔ اور انہیں مت جھڑکو اور جب ان سے بات کرو، تو بڑی تعظیم سے بات کرو، اور جھکا دو ان کے لئے توضع اور انکساری کے پر رحمت (محبت) سے اور عرض کرو، 'اے میرے پروردگار! ان دونوں پر رحم فرما جس طرح انہوں نے بڑی محبت و پیار سے مجھے پالا تھا جب میں بچہ تھا‘‘کوئی شخص ساری زندگی اپنے والدین کی خدمت کرکے ان احسانات کا بدلہ دینا چاہے تب بھی وہ والدین کا حق ادا نہیں کرسکتا۔

والدین کا نافرمان اور ان کے لیے تکالیف اور ایذا کا سبب بننے والا شخص چین سے زندگی نہیں گزار سکتا ہے بلکہ کسی نہ کسی مصیبت و پریشانی میں گرفتار رہتا ہے۔ والدین کے ساتھ حسن سلوک، حقیقی عبادت کا اجتماعی مظہر ہے۔

متعلقہ عنوان :