ریلوے کی قیمتی اراضی کوئی لاوارث جگہ نہیں جہاں کوئی بھی جعلی رجسٹریاں بنا کر قبضہ کر لے‘ خواجہ سعد رفیق

جمعہ 19 فروری 2016 15:16

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی قیمتی اراضی کوئی لاوارث جگہ نہیں جہاں کوئی بھی جعلی رجسٹریاں بنا کر قبضہ کر لے ،رائے ونڈ میں ریلوے کی جگہ قابضین سے واگزار کروانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ،اراضی خالی کرواکر کھیلوں کے لئے گراؤنڈ بنائیں گے،رائے ونڈ میں ریلوے کواٹرز میں قبضہ گروپوں کی اجارہ داری ختم کرائیں گے ،خستہ حال کوارٹروں کو جدید انداز میں نئے سرے سے تیار کیا جائے گا جبکہ ریلوے کی ڈسپنسری بھی فعال ہوگی ،رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کو عالمی حیثیت کے پیش نظر ہر لحاظ سے ماڈل بناکرجدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائیونڈ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی آمد پر ان کا استقبال ایم پی اے چودھری گلزار احمد گجر نے کیا ۔اس موقع پر ان کے چیف کوآرڈی نیٹر چودھری جاوید اقبال گجر ،چیئرمین یوسی رائے ونڈ اربن میاں مبشر حسین ،چیئرمین یوسی رائے ونڈ رورل داؤد احمد خاں ،حاجی محمد لقمان ،شفقت شیرازی ،عاصم خاں عاصی بیسیوں معززین شہر بھی موجود تھے ۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے شہر رائے ونڈ کے خوبصورت چہرے پر تجاوزات کی شکل میں موجود بدنما داغ صاف کرنا ہمارا مشن ہے ،رائے ونڈ میں واقع ریلوے کی وسیع اراضی ملک کی قیمتی جائیداد ہے ، کوئی لاوارث جگہ نہیں کہ جہاں جو بھی چاہے جعلی رجسٹریاں بناکر قبضہ کرلے۔ رائے ونڈ میں ریلوے کی جگہ قابضین سے واگزار کروانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے ،کمشنر،ڈی سی او لاہور اور ڈی ایس ریلوے اور دیگر افسروں کو مقامی رکن قومی اسمبلی ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھراور رکن پنجاب اسمبلی چودھری گلزار احمد گجر کے ساتھ مل کر ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں اسٹیشن کو جانے والے تمام راستوں پر قائم دکانوں اور مکانوں کی شکل میں عرصہ سے قائم موجود ہر قسم کی عارضی و پختہ تجاوزات ختم کروانے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کو عالمی حیثیت کے پیش نظر ہر لحاظ سے ماڈل بناکرجدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں ،،ریلوے کی اراضی قابضین سے خالی کرواکر کھیلوں کیلئے گراؤنڈ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کو ماڈل جنکشن بنانے سے جہاں مسافروں کو سہولیات میسر آئیں گی وہیں پر محکمہ کو بھرپور منافع بھی حاصل ہوگااور یہ سب کچھ مقامی شہریوں اور بالخصوص تبلیغی مرکز کی عالمی اہمیت کے پیش نظر ممکن بنایا جارہا ہے جہاں ہر روز دنیا بھر سے فرزندان توحید رائے ونڈ میں آتے اور جاتے ہیں۔

انہوں نے کرپٹ ریلوے افسران کی تبلیغی مرکز بازار کی سینکڑوں دکانوں کی با بارکرائی جانے والی بوگس نیلامیوں کی آڑ میں ہونے والی لاکھوں روپے کی محکمانہ کرپشن ،سیاسی شخصیات اورلینڈ مافیا کی وجہ سے بندر بانٹ کے ذریعے کی جانے والی لوٹ مار کی اطلاعات پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ریلوے کی قیمتی اراضی کو شیر ماد ر سمجھ کر کوڑیوں کے داموں نیلام کرنے والوں نے حاتم طائی کو روح کو تڑپاکر رکھ دیا ہے ،اس کی انکوائری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون تبلیغی مرکز بازارمیں سربمہر کی گئی دکانیں قانونی تقاضے پورے کئے بغیر نہیں کھولی جائیں گی،متاثرین کے ساتھ انصاف ضرور ہوگا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ امین پورہ ریلوے کراسنگ پر پھاٹک بننا فی الحال ممکن نہیں تاہم اس سلسلے میں بہتر منصوبہ بندی کرکے شہریوں کو سہولیات دینے بارے سوچ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سٹی پھاٹک پر تجاوزات کا خاتمہ کرکے اس کو کشادہ کیا جائے گا، سڑکوں پرقائم غیر قانونی سٹینڈ اورچوک میں تجاوزات بھی ختم ہوں گی ۔

ریلوے کی جگہ پر بھتہ خوری اور جگاٹیکس کی شکایات پر کسی کو ہرگز معاف نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تک آسان رسائی کیلئے انڈر پاس یا اوورہیڈ برج بنانے کا پروگرام بھی ماڈل تحصیل رائے ونڈ کے منصوبے میں شامل ہے جس پر پیپر ورک جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ریلوے کے کرایوں میں کمی کی شکایات کرنے والے ریلوے کی سہولیات کا روڈ ٹرانسپورٹ سے موازنہ کریں تو ان کو کرایہ مہنگا نہیں محسوس ہوگا ، ریلوے میں مسافروں کیلئے مزید سہولیات لے کر آرہے ہیں۔رائے ونڈ میں ریلوے کواٹرز میں قبضہ گروپوں کی اجارہ داری ختم کروائیں گے خستہ حال کوارٹروں کو جدید انداز میں نئے سرے سے تیار کیا جائے گا ،ریلوے کی ڈسپنسری فعال ہوگی۔

متعلقہ عنوان :