کسی بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی میں تعلیمی ادارے کا اہم کردار ہوتا ہے، مدثر آرائیں

جمعہ 19 فروری 2016 12:48

اسلام آباد ۔ 19 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 فروری۔2016ء)پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک میں کھیلوں کی ترقی میں تعلیمی ادارے کا اہم کردار ہوتا ہے اور تعلیمی ادارے کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانا چاہئے۔ گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مقابلے نہ ہونے کے برابر ہیں۔

پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہپاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے 15 ویں قومی ویمن نیٹ بال چیمپئن شپ 3 مارچ سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمید ی ہال میں شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پاکستان ایئرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان ریلوے، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پنجاب، خیبرپختونخواہ، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، فاٹا، آزاد جموں و کشمیر، لاہور گرائمز سکول، لمز یونیورسٹی اور گلگت بلتستان شامل ہیں۔

منیجرز میٹنگ 2 مارچ کو حمیدی ہال میں ہوگی۔ چیمپئن شپ میں سندھ کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی اور چیمپئن شپ 7 مارچ تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں نیٹ بال کے نمائشی میچز کروائے جائیں گے جن کی تمام منسلک اداروں کو ہدایت کر دی گئی ہے۔