زخمی پیٹر سڈل اور ڈگ بریسویل ہفتے سے شروع ہونیوالے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ سے باہر

جمعہ 19 فروری 2016 12:12

زخمی پیٹر سڈل اور ڈگ بریسویل ہفتے سے شروع ہونیوالے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ ..

کرائسٹ چرچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء)آسٹریلین فاسٹ باوٴلر پیٹر سڈل اور نیوزی لینڈ کے ڈگ بریسویل انجری کے سبب دونوں ٹیموں کے درمیان 20 فروری سے ہونے والے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے ڈگ بریسویل کندھے کی انجری کا شکار ہوئے جس کے سبب ان کی ہفتے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک ہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ نے بریسویل کے متبادل کا اعلان نہیں کیا کیونکہ میٹ ہنری اور نیل ویگنر پہلے سے ہی ٹیم کے ساتھ ہیں اور ان دونوں میں سے کسی ایک کو ٹیسٹ میچ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب کمر کی انجری کے سبب آسٹریلین فاسٹ باوٴلر پیٹر سڈل بھی دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔سڈل نیوزی لینڈ کے خلاف ولنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں اس انجری کا شکار ہوئے جہاں وہ صرف آٹھ اوورز کرا سکے تھے اور تیسرے دن چائے کے وقفے کے بعد میدان سے باہر جانے پر مجبور ہو گئے تھے۔سڈل کی جگہ جیمز پیٹنسن کو فائنل ٹیسٹ میچ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے جنہوں نے آخری مرتبہ جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔