پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پارلیمانی تعاون خطے میں موجود چیلنجز پر قابو پانے میں کلید ی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان آسٹر یلوی پارلیمان اور قومی اسمبلی مابین تعاون میں فروغ اور عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی آسٹریلوی ہائی کمشنرمارگریٹ ایڈمسن سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 18 فروری 2016 19:08

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین قر یبی دوستانہ تعلقات موجودہیں جو باہمی اعتماد اور اہم عالمی امور پر یکساں موقف کی بنیادوں پر استوار ہیں، پاکستان آسٹر یلیا کی پارلیمان اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے درمیان تعاون میں فروغ اور عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے ۔

وہ جمعرات کویہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ ایڈمسن سے گفتگوکر رہے تھے ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان آسٹر یلیا کی پارلیمان اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے درمیان تعاون میں فروغ اور عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہشمند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آسٹر یلیا کی حکومت کی طرف سے پاکستانی طلبا ء کے لیے سکالر شپ میں مسلسل اضافے پر شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے پاکستان میں موجود جمہوری حکومت کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے پارلیمانی تجربات سے مستفید ہونے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے لجسیلٹوڈرافٹنگ ،تحقیق،کمیٹی سسٹم کے شعبوں میں آسٹر یلیا کی طر ف سے اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی عملے کی ا ستعداد کار میں اضافہ کے لیے ٹر یننگ کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے ہائی کمشنر کو بتایا کہ پاکستان توانائی کی پیداواراور اشیاء خوردنی کو محفوظ بنانے کے شعبوں میں ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت معدنیات اور لا ئیو سٹاک کے شعبوں میں سر مایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے آسٹریلیا کے سر مایہ کار مستفید ہوسکتے ہیں ۔ ہائی کمشنرمارگریٹ ایڈمسن نے سپیکر کو پاکستان کی پارلیمنٹ کو کامیابی سے شمسی توانائی پر منتقل کرنے اور پائیدار تر قی کے اہداف ایس ڈی جیز کے حصول کیلے مخصوص سیکرٹر یٹ کے قیام پر مبارک دی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر تعلقات کے علا وہ پاکستان اور آسٹریلیا کے عوام میں کھیلوں کے ساتھ وابستگی مشتر کہ اقدار موجود ہیں اور دونوں ممالک دولت مشترکہ کی چھتری کے نیچے متحد ہیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ آسٹریلیا پاکستان میں تعلیم کے فروغ، جمہوریت کے استحکام اور اقتصادی تر قی کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ آسٹر یلیا پاکستان کے اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمانی عملے کی استعداد کا رمیں اضافے ،زرعی و معدنی اور لا ئیو سٹاک کے شعبوں کے ماہرین کی ٹریننگ میں گہری دلچسپی رکھتاہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹر یلیا پاکستان میں تعلیم خصوصا پیشہ وارانہ تعلیم کے فروغ کے لیے پر عزم ہے۔