ایم کیو ایم کا الطاف حسین کے بیانات نشر کرنے پر پابندی کے خلاف (کل)سے بھوک ہڑتال کا اعلا ن

ڈی چوک دھرنے سے چینی صدر پاکستان نہ آ سکے،ہم نے دھرنا دیا تو پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم باہر نہیں نکل سکیں گے،حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا بند کریں، جمہوریت کی آڑ میں آمریت قائم کی جا رہی ہے،متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار کا رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 18 فروری 2016 19:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیانات نشر کرنے پر پابندی کے خلاف (کل) جمعہ سے 4روز کیلئے علامتی بھوک ہڑتال کرنے کا اعلا ن کرتے ہوئے کہاہے کہ اسلام آباد کے ڈی چوک دھرنے کے باعث چینی صدر پاکستان نہ آ سکے،ہم نے دھرنا دیا تو پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم باہر نہیں نکل سکیں گے، حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا بند کریں، جمہوریت کی آڑ میں آمریت قائم کی جا رہی ہے۔

وہ جمعرات کو ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ فاروق ستار نے کہا کہ احساس محرومی احساس بیگانگی میں تبدیل ہو رہی ہے ، بلیک آؤٹ سے خلا پیدا ہوگا، دہشت گردی،انتہاپسندی کوفروغ ملے گا، ایم کیوایم بطورسیاسی جماعت سمجھتی ہے ہمارے ساتھ انصاف نہیں ہورہا۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے کہا کہ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا تو چین کے صدر نہیں آ سکے تھے،ہم نے دھرنا دیا تو پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم باہر نہیں نکل سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دہشتگردوں کے رحم و کرم پر ہے ،خورشید شاہ صرف قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر خانہ پوری کرتے ہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ (آج) جمعہ سے کراچی پریس کلب کے باہر 4روز کے لئے علامتی بھوک ہڑتال ہو گی ،علامتی بھوک ہڑتال سے لاہور کے ججز تک آواز پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے قائد پر میڈیا میں پابندی اظہاررائے کے خلاف ہے،ایم کیوایم کو بنیادی حق سے محروم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ 12،12گھنٹے تک علامتی ہڑتال کی جائے گی،ایم این ایز، سینیٹرز اور اراکین صوبائی اسمبلی باری باری بھوک ہڑتال کریں گے،حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول دھونکنا بند کریں، جمہوریت کی آڑ میں آمریت قائم کی جا رہی ہے، ملک دہشت گردوں اور لٹیروں کے رحم و کرم پر ہے، خورشید شاہ صرف قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر خانہ پوری کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو ملنا چاہیے، لٹیرے اقتدار میں آ کر پیسے بنا رہے ہیں، پاکستان میں چند خاندان فیصلے کر رہے ہیں، مک مکا کی سیاست ہو رہی ہے۔