کوہاٹ میں ڈینگی بخار سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لئے ڈینگی ورک پلان کی منظوری

جمعرات 18 فروری 2016 15:37

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ نے ضلع میں ڈینگی بخار سے بچاؤ سے متعلق ہر سطح پر شعور اجاگر کرنے اور اس سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے فوری طور پر کنٹی جینسی ڈینگی ورک پلان کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ڈسٹرکٹ ڈینگی کنٹرول کمیٹی، ڈسٹرکٹ ڈینگی کنٹرول روم ،ریپڈ ریسپانس ٹیم کوہاٹ ،ریپڈ ریسپانس ٹیم لاچی اور ڈینگی اویئرنس کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ڈینگی کنٹرول کمیٹی ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ ناظم، ڈی ایچ او، اے سی کوہاٹ،اے سی لاچی اور کینٹ ایگزیکٹیو آفیسر جبکہ ریپڈ ریسپانس ٹیمیں متعلقہ تحصیل ناظمین، تحصیلدارز ، ٹی ایم اوز، پی ڈی کے ڈ ی اے اور محکمہ صحت کے حکام پر مشتمل ہوں گی۔اسی طرح ڈسٹرکٹ ناظم ڈینگی اوئیرنس کمیٹی کے سربراہ اور تحصیل ناظم کوہاٹ، تحصیل ناظم لاچی ،ڈی ایچ او، ڈی ای اوز میل و فیمیل اور ایکسین پبلک ہیلتھ اس کے ارکان ہوں گے۔

(جاری ہے)

فوکل پرسن ڈی ایچ او کوہاٹ آفس کو ڈینگی کنڑول روم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ پی پی ایچ آئی اور تمام سکولوں کے پرنسپلز اور ہیڈ ماسڑز کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمیونٹی اور سکولوں میں بچوں میں ڈینگی بخار اور اس سے بچاؤ کے لئے ا حتیا طی تدابیرسے متعلق آگہی سیمینار ز اور دیگر سرگرمیاں منعقد کریں۔دریں اثناء تمام محکموں کے سربراہوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ڈینگی بخار سے بچاؤ سے متعلق سے جاری کردہ کنٹی جینسی ڈینگی ورک پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔