پنجاب اسمبلی کی مجالس قائمہ کو از خود نوٹس لینے کا اختیار دیا جائے،ڈاکٹر نوشین حامد

جمعرات 18 فروری 2016 15:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی مجالس قائمہ کو از خود نوٹس لینے کا اختیار دیا جائے ،مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پنجاب اسمبلی کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کی ہے،پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں میں اپوزیشن نے اصولی او ر وزنی موقف اختیار کیا جبکہ حکومت کا طرز عمل غیر سنجیدہ ہے ، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب نہ جانے اہم فیصلے کون کرتا ہے اسی وجہ سے ہیاں میرٹ کی بالادستی قائم نہیں ہوسکی ، خیبرپختون خواہ میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد یہاں سرکاری محکموں میں سیاسی مداخلت ختم ہوگئی اور میرٹ کی بالادستی قائم کی گئی ہے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے میں سفارش کلچر کا خاتمہ کردیا ، انہوں نے کہاکہ خیبرپختون خواہ میں اب انصاف عام اور احتساب سرعام کا نعرہ مقبول ہوچکا ہے ،خیبرپختون خواہ میں سرکاری خزانہ صرف عوام پر خرچ کیا جارہا ہے وہاں اقربہ پروری کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کردیا ہے،اس کے برعکس پنجاب میں عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ،ان کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں ،میرٹ کو پاؤں تلے روند ا گیا ہے ، پنجاب میں سرکاری محکموں میں سیاسی مداخلت روز بہ روز بڑھ رہی ہے ،بہبودی عوام کے منصوبوں کی رقم اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ پر لگا ئی جارہی ہے ،پنجاب کے حکمران صرف لاہور کو ہی پنجاب سمجھتے ہیں ،اس منصوبے سے اہل لاہور کو نہیں صرف حکمرانوں کو فائدہ ہوگا،پنجاب میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو نظر انداز کردیا گیا ہے ،حکومت سرکاری ہسپتالوں کو چلانے کی اہلیت نہیں رکھی یہ ہی وجہ ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو نجی کمپنیوں کو ٹھیکہ پر دینے پر غور ہورہا ہے۔