جڑواں شہروں میں کل بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

جمعرات 18 فروری 2016 15:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) رواں سال موسم سرما کے دوران کم بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں تیزی سے تبدیلی آنے کا امکان ہے اورباالخصوص رواں سال پنجاب میں گرمی کی شدت آئندہ مہینوں کے دوران بڑھ سکتی ہے جبکہ جڑواں شہروں میں کل ( جمعہ ) سے بارش کا امکان ہے، تاہم ملک کے دیگر حصوں میں کہیں بھی بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،یہ بات محکمہ موسمیات کے ڈی جی غلام رسول نے بتائی ،ان کا کہنا تھا کہ کہ آئندہ مہینوں کے دوران شمال کی جانب سے گرم اور مرطوب ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے اور اس کے سب سے زیادہ اثرات پنجاب پر پڑیں گے، انہوں نے کہا کہ موسم سرما تقریباً اپنے اختتام تک پہنچ چکا ہے ،زریں سندھ میں میر پور خاص ،ٹھٹھہ اور بدین کے اضلاع سے درجہ حرارت معمول کے مطابق ہے جس سے گندم کی کٹائی عام حالات سے دو ہفتے قبل شروع ہو جائے گی جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ ہفتوں کے دوران بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم اسلام آباد،راولپنڈی،مالاکنڈ،ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں جمعہ اور ہفتہ کو بارش کا امکان ہے ،ان کا کہنا تھا کہ ملک کے جنوب مغربی حصوں میں درجہ حرارت بڑھ چکا ہے اور اس میں آئندہ ہفتوں کے دوران تیزی کے ساتھ اضافہ ہو گا ،ان کا کہنا تھا کہ رواں سال موسم گرما میں درجہ حرارت بڑھنے سے عوام کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔