ٹویوٹا نے ناقص سیٹ بیلٹ والی لگ بھگ تیس لاکھ گاڑیاں واپس منگوا لیں

واپس منگوائی گئی گاڑیوں میں دھات سے بنے سیٹ کے فریم کو ڈھک دینگے ‘ کمپنی

جمعرات 18 فروری 2016 14:30

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 فروری۔2016ء) جاپان کی ٹویوٹا موٹرز نے دنیا بھر میں 28 لاکھ 70 ہزار گاڑیاں واپس منگوا لی ہیں کیونکہ ان کی پیچھے کی سیٹوں کی سیٹ بیلٹیں ناقص تھیں۔ گاڑیوں میں 2005 سے 2014 کے درمیان تیار کیے گئے مقبول ترین RAV4 اور RAV4 اElectric ماڈل اور 2005 سے 2016 کے درمیان تیار ہونے والے Vanguard SUV ماڈل شامل ہیں۔دنیا کی سب سے بڑی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹویوٹا کے ایک ترجمان نے کہا کہ کمپنی کو معلوم ہوا کہ امریکہ اور کینیڈا میں ہونے والے دو مختلف حادثات میں سیٹ بیلٹس ٹوٹ گئیں۔

(جاری ہے)

کمپنی کے مطابق ابھی اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ ان حادثات کے نتیجے میں گاڑی میں بیٹھے افراد کو آنے والی چوٹیں اور اموات اس مسئلے کی وجہ سے ہیں۔ٹویوٹا نے کہا کہ وہ واپس منگوائی گئی گاڑیوں میں دھات سے بنے سیٹ کے فریم کو ڈھک دے گی تاکہ وہ بیلٹ کو کاٹ نہ سکے۔واپس منگوائی گئی گاڑیوں کی اکثریت 13 لاکھ گاڑیاں شمالی امریکہ میں فروخت ہوئیں۔ٹویوٹا نے اس سے پہلے بھی حفاظتی اقدامات کے لیے کئی گاڑیوں کو واپس منگوایا۔ ان میں وہ لاکھوں گاڑیاں بھی شامل ہیں جن میں ناقص ایئر بیگ نصب تھے جنہیں جاپان کی کمپنی ٹکاٹا کارپوریشن نے تیار کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :